محکمہ موسمیات نے آزاد کشمیر، بالائی خیبرپختونخوا اور شمال مشرقی پنجاب میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے ۔
محکمہ موسمیات نے آندھی، جھکڑ چلنے اور آسمانی بجلی گرنےکے باعث کمزور تعمیرات کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے الرٹ بھی جاری کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:مظفرآباد اور مضافات میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا آغاز، شدید گرمی کا زور ٹوٹ گیا
محکمہ موسمیات کے مطابق آج اسلام آباد اور گردونواح میں دن کے دوران موسم گرم جبکہ بعد از دوپہر اور شام کو تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
آزادکشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
الرٹ میں بتایا گیا کہ خیبرپختونخو کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے تاہم دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، چترال، بٹگرام، بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد،کرم اور اورکزئی میں بعد از دوپہر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
اسی طرح پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے تاہم بعد از دوپہر مری، گلیات، گجرات، گوجرانوالہ، لاہور، قصور، شیخوپورہ، سیالکوٹ اور نارووال میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید گرم اور حبس رہنے کا امکان ہے جبکہ ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔
یہ بھی پڑھیں:مون سون کا آغاز،شدید گرمی کا زور ٹوٹ گیا،این ڈی ایم اے کا الرٹ بھی جاری
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید گرم رہنے کی توقع ہے جبکہ شام اور رات کو خضدار اور گردونواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بالائی خیبرپختونخوا، پنجاب اور بلوچستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، سب سے زیادہ بارش خیبرپختونخوا کے علاقوں مالم جبہ 16 اور پاراچنار میں 14 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔




