مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل) آزاد کشمیر کی سیاست میں ایک اہم پیش رفت سامنے آگئی، سینئر رہنما مسلم لیگ ن سابق سینئر وزیر راجہ عبدالقیوم خان نے پارٹی سے مستعفی، استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت کا فیصلہ کر لیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ راجہ عبدالقیوم خان جمعرات کو اپنے ہزاروں حامیوں اور ساتھیوں کے ہمراہ باقاعدہ طور پر استحکام پاکستان پارٹی میں شامل ہوں گے۔ اطلاعات کے مطابق وہ آئندہ عام انتخابات میں حلقہ کھاوڑہ سے استحکام پاکستان پارٹی کے ٹکٹ پر انتخاب لڑیں گے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر: ایک اور بڑا اپ سیٹ، ملک ذوالفقار علی استحکام پاکستان پارٹی میں شامل
راجہ عبدالقیوم خان نے آئندہ انتخابات کے لیے حلقہ کھاوڑہ سے مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ کے حصول کے لیے درخواست دے رکھی تھی، تاہم پارٹی قیادت نے حال ہی میں مسلم کانفرنس چھوڑ کر مسلم لیگ (ن) میں شامل ہونے والے ثاقب مجید راجہ کو ٹکٹ جاری کر دیا۔

ذرائع کے مطابق ٹکٹوں کی تقسیم اور پارٹی کی سینئر قیادت کو نظر انداز کیے جانے پر راجہ عبدالقیوم خان نے شدید تحفظات اور ناراضی کا اظہار کیا تھا، جس کے بعد انہوں نے نئی سیاسی حکمت عملی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا۔
راجہ عبدالقیوم خان کا شمار مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے دیرینہ اور بااثر رہنماؤں میں ہوتا ہے۔ وہ 2016 کے انتخابات میں حلقہ کھاوڑہ سے مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر 26 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کرکے کامیاب ہوئے تھے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس کا چار حلقوں سے الیکشن لڑنے کا حتمی فیصلہ
مظفرآباد کے حلقہ کھاوڑہ سے تعلق رکھنے والے راجہ عبدالقیوم خان آزاد کشمیر کے سینئر ترین سیاستدانوں میں شمار ہوتے ہیں۔ وہ ماضی میں سینئر وزیر اور قائم مقام وزیراعظم کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے چکے ہیں جبکہ چار مرتبہ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن منتخب ہو چکے ہیں۔
سیاسی مبصرین کے مطابق راجہ عبدالقیوم خان کی استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت آزاد کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال پر نمایاں اثرات مرتب کر سکتی ہے، خصوصاً حلقہ کھاوڑہ اور مظفرآباد کی سیاست میں اس کے دور رس نتائج سامنے آ سکتے ہیں۔




