مفتی طارق

پیمرا کا بروقت نوٹس اور جیو نیوز کی غلطی کا اعتراف : ایک مثبت اقدام ،مفتی طارق مسعود

معروف عالمِ دین مفتی طارق مسعود نے اپنے ایک حالیہ ویڈیو بیان میں پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کے بروقت نوٹس اور جیو نیوز کی جانب سے اپنی غلطی کا اعتراف کرنے کو ایک مثبت اور قابلِ تحسین اقدام قرار دیا ہے۔

مفتی طارق مسعود کا کہنا تھا کہ محرم الحرام کے دوران جیو نیوز پر نشر ہونے والے پروگرام سفرِ عشق میں نبی کریم ﷺ اور اہلِ بیتِ اطہارؓ سے منسوب خاکوں (خاکہ جات) کے حوالے سے عوامی سطح پر شدید تشویش اور بے چینی پیدا ہوئی تھی، جس پر عوام کی طرف سے شدید ردِعمل سامنے آیا۔

انہوں نے واضح کیا کہ اگرچہ جیو نیوز کی نیت کسی بھی طور پر توہین کی نہیں تھی اور ایک مسلمان سے ایسی سوچی سمجھی حرکت کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا، تاہم نادانستگی میں ہونے والی اس بڑی غلطی کی وجہ سے مسلم اُمہ اور عوام کے جذبات شدید مجروح ہوئے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ڈاکیو منٹری سے متعلق جیو نیوز کی وضاحت، معذرت اور غلطی کا اعتراف

مفتی طارق مسعود نے کہا کہ پیمرا نے بروقت نوٹس لے کر صورتحال کو مزید بگڑنے سے بچایا جو ایک مثبت قدم ہے کیونکہ اگر فوری کارروائی نہ کی جاتی تو معاملات مزید سنگین ہو سکتے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جیو نیوز نے علماء کرام اور پیمرا کے نوٹس کے بعد ذمہ دارانہ رویہ اختیار کرتے ہوئے اپنی غلطی کو تسلیم کیا اور متعلقہ مواد فوری طور پر ہٹا دیا جو ایک مثبت اور قابلِ تحسین طرزِ عمل ہے۔

مفتی طارق مسعود نے کہا کہ غلطی کو تسلیم کرنا اور اصلاح کرنا اسلامی تعلیمات کے مطابق ہے اور بہترین لوگ وہ ہیں جو اپنی غلطی کا احساس ہوتے ہی اس کی اصلاح کر لیتے ہیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:جیو نیوز کی نشریات کو مسلسل رکاوٹ کا سامنا ہے، نشر کیے گئےپیغام سے انتظامیہ کا اعلانِ لاتعلقی

مفتی طارق مسعود نے کہا کہ اس واقعے سے یہ سبق ملتا ہے کہ ناموسِ رسالت ﷺ، صحابۂ کرامؓ اور اہلِ بیتؓ کا احترام ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور اس حوالے سے ہر سطح پر حساسیت ضروری ہے۔