فیفا ورلڈ کپ کے گروپ مرحلے کے آخری میچ میں دفاعی چیمپئن ارجنٹینا نے اردن کو شکست دے کر اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ اس فتح کے ساتھ ہی ارجنٹینا کے کپتان لیونل میسی نے ورلڈ کپ کی تاریخ کا ایک نیا اور منفرد عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔
گروپ اسٹیج کے اس آخری میچ میں ارجنٹینا نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اردن کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے ہرا دیا۔ ارجنٹینا نے گروپ مرحلے میں اپنے تینوں میچز جیت کر ناقابلِ شکست رہتے ہوئے دوسرے مرحلے میں رسائی حاصل کی ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:انٹرنیشنل فٹبال کے بادشاہ لیونل میسی نے ایک بار پھر نئی تاریخ رقم کر دی
میچ کے دوران جب کپتان لیونل میسی نے اپنی ٹیم کی طرف سے تیسرا اور ذاتی طور پر پہلا گول اسکور کیا، تو انہوں نے فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ بدل ڈالی۔ لیونل میسی اب ورلڈ کپ کی تاریخ میں مسلسل 7 میچز میں گول کرنے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ انہوں نے یہ کارنامہ انجام دے کر فرانس کے جسٹ فونٹین (1958) اور برازیل کے جائرز ینہو (1970) کا مسلسل 6 میچز میں گول کرنے کا دیرینہ ریکارڈ توڑ دیا۔
میسی کے ریکارڈ ساز گولز کا سفر:
لیونل میسی کے مسلسل گول اسکور کرنے کا یہ تاریخی سلسلہ سال 2022 کے قطر ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کیخلاف میچ سے شروع ہوا تھا۔ اس کے بعد انہوں نے نیدرلینڈز، کروشیا اور فائنل میں فرانس کے خلاف گول داغ کر ارجنٹینا کو عالمی چیمپئن بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
رواں ورلڈ کپ میں بھی میسی کی بہترین فارم برقرار ہے۔ انہوں نے ایونٹ کے افتتاحی میچ میں الجزائر کے خلاف شاندار ہیٹ ٹرک کی، جس کے بعد آسٹریا کیخلاف میچ میں 2 گول کیے اور اب اردن کے خلاف بھی 1 گول اسکور کر کے اس سلسلے کو برقرار رکھا۔
اس نئے ریکارڈ کے ساتھ ہی لیونل میسی کے ورلڈ کپ کی تاریخ میں مجموعی گولز کی تعداد 19 ہو گئی ہے، جس کے بعد وہ ورلڈ کپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ گول کرنے والے دنیا کے واحد فٹبالر بھی بن گئے ہیں۔



