ڈاکیو منٹری سے متعلق جیو نیوز کی وضاحت، معذرت اور غلطی کا اعتراف

جیو نیوز نے 10 محرم الحرام کو نشر ہونے والے دستاویزی پروگرام سفرِ عشق کے دوران پیش آنیوالی غلطی کو تسلیم کرتے ہوئے باضابطہ طورپر معذرت جاری کی ہے۔

جاری کئے گئے وضاحتی بیان میں کہا گیا ہے کہ پروگرام میں عراق اور بعض دیگر مشرقِ وسطیٰ کے ممالک میں محدود تعداد میں افراد کی جانب سے ادا کی جانے والی چند رسومات کی عکاسی شامل تھی۔

ادارے کے مطابق یہ مناظر محض مقامی رسومات کی عکاسی کے طور پر پیش کیے گئے تھے اور ان کا مقصد کسی بھی مذہبی نقطۂ نظر کی نمائندگی، تائید یا فروغ دینا ہرگز نہیں تھا۔

جیو نیوز نے واضح کیا ہے کہ مذکورہ مواد نہ تو ادارے نے خود تیار کیا تھا اور نہ ہی اس کی نشریات کسی جان بوجھ کر اختیار کیے گئے مؤقف یا ایجنڈے کے تحت کی گئی تھیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:شاباش جیو نیوز! پیمرا کے حکم نامے کی مکمل تائید سوشل میڈیا سمیت ملک بھر میں نشریات بند
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ جیو نیوز مسلم دنیا میں وسیع پیمانے پر تسلیم شدہ عقائد اور مذہبی حساسیت کے احترام کی پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہے اور اس نوعیت کے مناظر ادارے کے سرکاری مؤقف یا ادارتی پالیسی کی عکاسی نہیں کرتے۔

ادارے نے بتایا کہ متعلقہ مواد کو فوری طور پر نشر ہونے کے بعد ہٹا دیا گیا اور اندرونی سطح پر اس میں ملوث ذمہ داران کیخلاف کارروائی بھی کی گئی اس کیساتھ ہی عوامی ردعمل کے سامنے آنے سے قبل ہی وضاحت اور معذرت جاری کر دی گئی تھی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:جیو ڈاکیومنٹری تنازع: بروقت معذرت نے معاملہ سنگین ہونے سے بچا لیا، سینئر صحافی طلعت حسین

جیو نیوز نے اپنے ناظرین سے کسی بھی ممکنہ تکلیف پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ادارہ آئندہ ایسے معاملات سے بچنے کیلئے ادارتی نگرانی اور مواد کی جانچ کے نظام کو مزید مؤثر بنا رہا ہے اور مذہبی احترام کے اعلیٰ ترین اصولوں کو برقرار رکھنے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔