میرپور آزاد کشمیر میں تاجر رہنما عظمت خان اور دیگر تاجر تنظیموں کے نمائندوں نے ایک اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی سے مکمل لاتعلقی کا اعلان کر دیا ہے۔ اس موقع پر تاجروں کا کہنا تھا کہ وہ کاروباری طبقے کی نمائندگی کرتے ہیں اور خطے کے امن، استحکام اور عوامی مفاد کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں۔ مقررین نے سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ عوامی ایکشن کمیٹی کی سرگرمیاں قومی مفادات کے خلاف ہیں اور یہ “بھارت کے ایجنڈے” پر کام کر رہی ہے۔
انہوں نے ماضی اور حال کا موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ عوامی ایکشن کمیٹی ابتدا میں تو عوامی مسائل اور حقوق کی بات کر رہی تھی، تاہم اب یہ اپنے اصل مقصد سے پوری طرح ہٹ چکی ہے۔ اب یہ کمیٹی ایسے معاملات کی طرف جا رہی ہے جن کا عوامی مسائل سے براہِ راست کوئی تعلق نہیں۔ تاجروں کے مطابق کمیٹی کے بعض حالیہ اقدامات سے عوام اور کاروباری طبقے میں شدید بے چینی پیدا ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: احتجاج میں پہنچنے والے ایک شخص نے مانچسٹر قونصلیٹ کے باہر سے ویڈیو بنا کر تمام حقیقت بے نقاب کر دی
موجودہ پالیسیوں کی مذمت اور افواجِ پاکستان کی حمایت:
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تاجروں نے واضح الفاظ میں کہا کہ ہم کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کی موجودہ پالیسیوں اور تمام سرگرمیوں کی پرزور مذمت کرتے ہیں اور اس سے اپنی مکمل لاتعلقی کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے قومی جذبے کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ پاکستان ہماری شناخت ہے اور افواجِ پاکستان ہمارے تحفظ اور ملکی سلامتی کی حقیقی ضامن ہیں۔
دورانِ پریس کانفرنس تاجر رہنماؤں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ پاکستان اور افواجِ پاکستان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں اور کسی بھی ایسے اقدام کی ہرگز حمایت نہیں کریں گے جس سے خطے کے امن و امان یا کاروباری سرگرمیوں پر کوئی بھی منفی اثر مرتب ہو۔
میرپور کے تمام بازار معمول کے مطابق کھلے ہیں:
کالعدم تنظیم کے دعووں کو مسترد کرتے ہوئے تاجروں نے حقائق سامنے رکھے اور واضح کیا کہ میرپور کے تمام بازار معمول کے مطابق کھلے ہیں اور تمام کاروباری سرگرمیاں بلا تعطل جاری ہیں۔ انہوں نے عوام اور تاجر برادری کو یقین دلایا کہ کسی بھی شرپسندی یا منفی پروپیگنڈے کو خطے کے امن اور روزگار پر اثر انداز نہیں ہونے دیا جائے گا۔




