مظفرآباد کے حلقہ کوٹلہ میں پاکستان پیپلز پارٹی نے ایک بڑی سیاسی کامیابی حاصل کی ہے، جہاں یونین کونسل سرلی سچہ وارڈ جھینگ میں منعقدہ ایک پروقار شمولیتی پروگرام کے دوران متعدد افراد نے مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو چھوڑ کر پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔ یہ سیاسی دھڑا بندی وزیر حکومت سردار محمد جاوید ایوب خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ شمولیتی پروگرام سینئر رہنما پاکستان پیپلز پارٹی حلقہ کوٹلہ ممبر میر اقبال کی رہائش گاہ پر منعقد ہوا، جہاں مقامی سیاسی رہنماؤں اور مختلف خاندانوں کے سربراہان نے پیپلز پارٹی کے پرچم تلے جمع ہونے کا باقاعدہ اعلان کیا۔ اس موقع پر بڑی تعداد میں پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئیر عہدیدران اور کارکنان بھی موجود تھے جنہوں نے نئے شامل ہونے والوں کا پرجوش استقبال کیا۔
یہ بھی پڑھیں: مسلم لیگ ن کے پارلیمانی لیڈر سردار شاہ جہاں یوسف کی چوہدری شہزاد کی پارٹی میں شمولیتی تقریب میں شرکت
پیپلز پارٹی میں شامل ہونے والے اہم رہنما اور خاندان:
سردار محمد جاوید ایوب خان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ن لیگ اور پی ٹی آئی چھوڑ کر پاکستان پیپلز پارٹی میں نئے شامل ہونے والوں میں میر منظور حسین، اشفاق شفیع، محمد ظہیر چک، محمد کبیر چک، اور محمد شفیع شامل ہیں۔
اس کے علاوہ میر محمد انیس، رفاق شفیع، عبد الرزاق شفیع، شباب جان، ابرار شیخ، رزاق شفیع، آفاق رزاق، اور مہتاب یوسف نے بھی اپنے خاندانوں اور ساتھیوں سمیت پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے کا اعلان کیا۔ نئے شامل ہونے والے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ وہ حلقے کی ترقی اور سردار محمد جاوید ایوب خان کے وژن کو آگے بڑھانے کے لیے پیپلز پارٹی کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔




