سابق وزرائے حکومت چوہدری اظہر صادق اورچوہدری شہزاد آج مسلم لیگ(ن) میں شمولیت اختیارکریںگے اورذرائع کے مطابق انہیں مسلم لیگ( ن) کے ٹکٹس بھی جاری کئے جائیں گے جس پر سابق امیدواروں نے بغاوت کا فیصلہ کر لیا ہے اورسینئر سیاستدان مرتضی گیلانی نےآج اہم پریس کانفرنس کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
چوہدری اظہر صادق ڈڈیال سے پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر ممبر اسمبلی منتخب ہو ئے تھے اور بعد میں فارورڈ بلاک میں شامل ہوئے ، انوارالحق کے دور حکومت میں وزیر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: آزادکشمیر ، انتخابی جوڑ توڑ تیز، ن لیگ نے مرکزی جمعیت اہلحدیث سے اتحاد کر لیا
ذرائع کے مطابق چوہدری اظہر صادق کئی ماہ سے ن لیگی قیادت سے رابطے میں تھے اورٹکٹ کے معاملات فائنل ہونے پر مسلم لیگ(ن) میںشامل ہو رہے ہیں۔
ڈڈیال سے سابق وزیر حکومت چوہدری مسعود خالد اور راجہ شعیب عابدمسلم لیگ(ن) کے ٹکٹ کے امیدوار تھے جن کی طرف سے قیادت کیخلاف بغاوت کا امکان ہے جبکہ ن لیگی کارکنوں کی جانب سے سخت ردعمل آنے کا امکان ہے۔
مظفرآبا دکے حلقہ لچھراٹ سے تعلق رکھنے والے چوہدری شہزاد2016سے 2021سے مسلم لیگ(ن) کے ایم ایل اے اور وزیر رہے ہیں، عین الیکشن کے موقع پر پی ٹی آئی میں شمولیت اختیارکی لیکن الیکشن میں کامیاب نہیں ہوسکے تھے۔
سابق الیکشن میں سینئر سیاستدان سید مرتضیٰ گیلانی لچھراٹ سے مسلم لیگ( ن) کے امیدوار تھے اور انہیں اس بار بھی ٹکٹ کا تگڑا امیدوار سمجھا جا رہا تھالیکن چوہدری شہزاد کی متحرک لابی نے اپنا کام دکھایا اور ذرائع کے مطابق وہ ٹکٹ لینے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔
مسلم لیگی قیادت نے آزادکشمیر کے ان دونوں حلقوں کے ٹکٹس پینڈنگ رکھے تھے ۔
ادھر مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے سنیئر رہنما امیدوار اسمبلی حلقہ لچھراٹ مظفرآباد مرتضی گیلانی نے ٹکٹ نہ ملنے پر آج اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس بلالی ہے۔
ذرائع کے مطابق مرتضی گیلانی پارٹی ٹکٹ کو پینڈنگ کرنے اور 2021 کے الیکشن میں پارٹی سے وابستگی کا حلف لینے کے بعد مسلم لیگ ن چھوڑ کر پی ٹی آئی میں شامل ہونے والے چوہدری شہزاد کو ٹکٹ دینے کے حوالے سے اپنے تحفظات میڈیا کو شیئر کرنے کے ساتھ ساتھ اہم اعلان بھی کریں گے۔
مسلم لیگ (ن) کو ان دونوں حلقوں کے علاوہ بھی کئی حلقوں میں ٹکٹس کی تقسیم پر رہنمائوں وکارکنوں کی طرف سے سخت ناراضگی کا سامنا ہے ،ذرائع کے مطابق آنیوالے دنوں میں کئی رہنما پارٹی کو الوداع کہہ سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کی بڑی وکٹ اڑگئی،بیگم امتیاز نسیم مسلم لیگ ن میں شامل
حلقہ کھاوڑہ مظفرآباد میں نئے شامل ہونیوالے ثاقب مجید راجا کو ٹکٹ دینے پر سابق سینئر وزیر راجہ عبدالقیوم کی قیادت میں لیگی امیدواروں نے متحد ہوکر اپنا امیدوار لانے کا اعلان کردیا ہے اور پارٹی قیادت کے فیصلے سخت تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
حلقہ وسطی باغ میں مشتاق منہاس کو ٹکٹ جاری کرنے پر بریگیڈیئر (ر) محمد خان اور راجہ محمد یاسین نے بھی تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے قیادت سے فیصلے پر نظرثانی کی اپیل کی ہے ۔




