آزاد کشمیر میں تین ہفتوں سے لاک ڈاؤن اور ادویات کی قلت پر تشویش؛ جماعت اسلامی کا صورت حال کے پُرامن حل کے لیے بھرپور کردار ادا کرنے کا فیصلہ
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی صدارت میں اسلام آباد میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں آزاد کشمیر کی موجودہ دگرگوں اور غیر یقینی صورت حال پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آزاد کشمیر کے نازک حالات کو یوں ہی نہیں چھوڑا جا سکتا اور جماعت اسلامی اس مسئلے کے حل کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔
اس سلسلے میں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن ملک کے صدر، وزیراعظم اور دیگر قومی قیادت سے ملاقاتیں اور رابطے کریں گے تاکہ معاملے کا پُرامن حل نکالا جا سکے۔ اجلاس میں طے پایا کہ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن اپنا بھرپور کردار ادا کرتے ہوئے صدر و وزیراعظم پاکستان سے ملاقاتیں اور قومی قیادت سے رابطے کرکے صورتِ حال کو معمول پر لانے کی کوششیں کرینگے تاکہ آزاد کشمیر کی موجودہ دگرگوں اور غیریقینی صورت حال کا پُرامن حل نکل سکے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی امیدوار اسمبلی بیرسٹر مسعود کالس کا الیکشن کے بائیکاٹ کا اعلان
جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی ثالثی کی پیشکش:
اجلاس میں جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی جانب سے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کو ثالثی کی پیشکش کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس کا خیرمقدم کیا گیا ہے اور ایکشن کمیٹی سے رابطے کے لیے جماعت اسلامی کی ایک خصوصی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔ اجلاس میں قائم کردہ یہ کمیٹی فوری طور پر ایکشن کمیٹی سے ملاقاتیں کر کے تجاویز مرتب اور عملی اقدامات کرے گی۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کی پاکستان سے لازوال وابستگی شک و شبہے سے بالاتر ہے، تاہم آزاد کشمیر کے موجودہ حالات کسی طور قابلِ قبول نہیں۔
تین ہفتوں کے لاک ڈاؤن پر تشویش:
اجلاس میں اس بات پر سخت تشویش ظاہر کی گئی کہ گزشتہ تین ہفتوں کے لاک ڈاؤن اور بعض داخلی راستوں کی بندش کے باعث آزاد کشمیر کے عوام بنیادی ضروریاتِ زندگی اور ادویات سے محروم ہو چکے ہیں حتی کہ ادویات تک اُن تک پہنچنا مشکل بنا دی گئی ہے۔ جماعت اسلامی نے حکومتِ پاکستان سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ وہ آزاد کشمیر میں اشیائے ضروریہ اور مطلوبہ اشیا سمیت ادویات کی ترسیل کو فوری طور پر یقینی بنائے۔
مزید پڑھیں: ن لیگ کا ٹکٹ نہ ملنے پر بریگیڈیئر (ر) محمد خان، راجہ محمد یاسین کا ایکا،جماعت اسلامی بھی حمایت میں سامنے آ گئی
اجلاس کے شرکاء اور اہم قائدین:
اجلاس میں نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان میاں محمد اسلم، امیر جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر ڈاکٹر محمد مشتاق خان، سابق امراء عبدالرشید ترابی، ڈاکٹر خالد محمود خان، سیکریٹری جنرل جہانگیر خان، امیر اسلام آباد نصراللہ رندھاوا، نائب امراء نورالباری، راجہ محمد فاضل اور پاکستان و آزاد کشمیر جماعت کے دیگر ذمہ داران نے شرکت کی۔




