امریکی حملہ ناکام بنادیا، پاسداران انقلاب، فیصلہ کن جواب دینے کا اعلان

تہران:ایرانی پاسداران انقلاب نے امریکا کی جانب سے ایران پر فضائی حملے کا فوری اور فیصلہ کن جواب دینے کا اعلان کر دیا۔

ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایرانی پاسداران انقلاب نے اپنے بیان میں کہا کہ بحری اور فضائی دستوں نے جزیرہ سرک پر کئے گئے امریکی حملے کو کامیابی سے ناکام بنا دیا۔

یہ بھی پڑھیں: امریکی فوج کا ایران پر حملہ،تجارتی جہاز پر حملے کا جواب دیا گیا، سینٹ کام

ایرانی پاسداران انقلاب نے بیان میں کہا کہ ہم اس جارحیت کو بغیر جواب کے نہیں چھوڑیں گے اور ہمارا ردعمل ہمارے طے کردہ وقت اور مقام پر تیز اور فیصلہ کن ہوگا۔

ایرانی پاسداران انقلاب نے خبردار کیا کہ امریکا کی جانب سے کسی بھی نئی حماقت کا سخت جواب دیا جائے گا۔

ایرانی فوجی قیادت کے مطابق امریکی کارروائیاں خطے میں کشیدگی بڑھانے کے مترادف ہیں، اور ایران اپنی خودمختاری کے دفاع کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں:ٹرمپ کی مودی سے دوری، تعلقات کا محور اب فیلڈ مارشل عاصم منیر ہیں،امریکی صحافی فرید ذکریا 

واضح رہے کہ امریکا نے آبنائے ہرمز میں کمرشل جہاز پر حملے کے جواب میں ایران پر فضائی حملے کیے ہیں۔

امریکی سینٹکام کے مطابق 25 جون کو ایران نے کمرشل جہاز پر ڈرون سے حملہ کیا، جس کے بعد امریکی طیاروں نے ایران کے میزائل اور ڈرون اسٹوریج کے مقامات اور ساحلی ریڈار سائٹس کو نشانہ بنایا۔

قبل ازیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایران نے تجارتی جہاز پر حملہ کرکے حماقت کی اس کا جواب دیا جائیگا۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا ، ایران تکنیکی مذاکرات کا دوسرامرحلہ آئندہ ہفتے سوئٹزرلینڈ میں ہوگا،مارکو روبیو

امریکی حملے کے بعد ایک بار پھر کشیدگی بڑھنے کے خدشات بڑھ گئے ہیں کیونکہ اگلے ہفتے ایران اور امریکا کے سوئٹزرلینڈ میں تکنیکی مذاکرات بھی ہونے جا رہے ہیں۔