گرمیوں کا پہلا مکمل چاند جسے سٹرابیری مون کہا جاتا ہے، یہ دلکش اور خوبصورت نظارہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں 29 جون کی شام کو اپنے عروج پر پہنچے گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ مکمل چاند 21 جون کے موسمِ گرما کے آغاز کے بعد نمودار ہونے والا سب سے پہلا مکمل چاند ہو گا۔
اگرچہ اس چاند کا نام اسٹرابیری مون رکھا گیا ہے لیکن یہ آسمان میں سُرخ یا گلابی رنگ جیسا بالکل نظر نہیں آئے گا۔ پاکستان میں بھی یہ اسٹرابیری مون مکمل طور پر واضح نظر آئے گا۔ یہ چاند عام طور پر پورے چاند کی طرح ہی طلوع ہوتا ہے لیکن جیسے جیسے یہ ڈوبتا ہے، یہ شاندار سنہری یا امبر رنگت اختیار کر لیتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سالِ نو کا پہلاسپر مون آج رات آسمان پردکھائی دے گا!
مکمل چاند کا نام اسٹرابیری مون رکھنے کی وجہ:
رپورٹ کے مطابق اس چاند کا نام شمال مشرقی امریکا کے مقامی قبائل، خصوصاً الگونکوئن، اوجیبوے، ڈکوٹا اور لاکوٹا اقوام نے رکھا تھا۔ جون کے آخری حصے میں اسٹرابیری کی فصل مکمل پک کر تیار ہو جاتی ہے، اسی مناسبت سے اس مکمل چاند کو اسٹرابیری مون کا نام دیا گیا ہے۔ اس چاند کے دیگر ناموں میں پکی بیریوں کا چاند، کھلتے پھولوں کا چاند، سبز مکئی کا چاند اور برتھ مون بھی شامل ہے۔
دوسری جانب یورپی روایتی طور پر اسے ہارس مون، گرم چاند اور میڈ مون بھی کہتے ہیں۔ اس کا آخری حصہ اینگلو سیکسن کا ہے کیونکہ اس چاند کی ظاہری شکل، وقت اور تاریخ کے مطابق گھاس کے میدانوں کی کٹائی کے مخصوص وقت کے ساتھ بالکل ملتی ہے۔
اسٹرابیری چاند کہاں دیکھا جا سکتا ہے:
اس خوبصورت اور دلکش منظر کو دیکھنے کے لیے ایسی جگہ کا انتخاب کریں جہاں سے آسمان بالکل صاف اور کھلا نظر آتا ہو۔ گھر کے صحن، پارک، کھلے میدان اور ساحلی علاقے اس چاند کا نظارہ کرنے کے لیے بہترین مقامات ثابت ہو سکتے ہیں۔
مزید پڑھیں: عالمی منڈی میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں زبردست کمی ریکارڈ
اگرچہ شہروں میں بھی یہ خوبصورت چاند دیکھا جا سکتا ہے تاہم کم روشنی اور کم آلودگی والے دیہی اور جنگلاتی علاقے اس کا کہیں بہتر نظارہ فراہم کرتے ہیں۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ چاند دیکھنے سے پہلے اپنے علاقے میں موسم کی صورتِ حال اور بادلوں کی موجودگی کو لازمی طور پر چیک کر لیں۔




