بلاول بھٹو

پاکستان پیپلز پارٹی کا امجد ایڈووکیٹ کو گلگت بلتستان کا وزیراعلیٰ بنانے کا فیصلہ

گلگت (کشمیر ڈیجیٹل)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے گلگت بلتستان میں حکومت سازی کے لیے اہم ترین فیصلہ کرتے ہوئے پارٹی کے صوبائی صدر امجد حسین ایڈووکیٹ کو نیا وزیراعلیٰ نامزد کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے امجد حسین ایڈووکیٹ سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ، جس میں انہوں نے صوبے میں آئندہ حکومت سازی کے اُمور، عوام کے آئینی و معاشی حقوق اور ترقیاتی ایجنڈے پر عمل درآمد کے حوالے سے اہم ہدایات جاری کیں ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:عوام کو یرغمال نہیں بننے دیں گے،مہاجرین کی 12نشستوں کاسیاسی حل نکالا جائے،بلاول بھٹو

امجد حسین ایڈووکیٹ جو اس وقت پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے صدربھی  ہیں، حالیہ عام انتخابات میں حلقہ جی بی اے-1 (گلگت) سے بھاری اکثریت سے کامیاب ہوئے ہیں ۔ واضح رہے کہ الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کی جانب سے اب تک کل 24 میں سے 21 حلقوں کے سرکاری نتائج کا اعلان کیا جا چکا ہے۔

ان نتائج کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی 9 نشستیں لے کر صوبے کی سب سے بڑی جماعت بن کرسامنے آئی ہے،جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) 6، استحکامِ پاکستان پارٹی (آئی پی پی) 4، مجلس وحدت مسلمین (ایم ڈبلیو ایم) 1 اور ایک آزاد اُمیدوار نے کامیابی حاصل کی ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:جو پنجاب کے حقوق پر سودا کرنے کیلئے تیار ہیں وہ جی بی کو کیا حقوق دیں گے، بلاول بھٹو ن لیگ پر برہم

تادمِ تحریر پیپلز پارٹی صوبے میں دیگر جماعتوں اور آزاد ارکان کے تعاون سے حکومت بنانے کے لیے سب سے مضبوط پوزیشن میں دکھائی دے رہی ہے ۔