پی ٹی آئی کی بڑی وکٹ اڑگئی،بیگم امتیاز نسیم مسلم لیگ ن میں شامل

اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل) تحریک انصاف کے ٹکٹ پر منتخب ہونے والی رکن قانون ساز اسمبلی بیگم امتیاز نسیم نے ہزاروں ساتھیوں سمیت مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کردیا۔

وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے کہاکہ بیگم امتیاز نسیم کی مسلم لیگ ن میں شمولیت سے آزاد کشمیر کی سیاست میں اہم پیشرفت ہے جس سے پارٹی مزید مضبوط ہوگی۔

اسلام آباد میں منعقدہ شمولیتی تقریب میں مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے سینئر نائب صدر مشتاق منہاس، راجہ مجاہد اور راجہ ریاست سمیت دیگر رہنما بھی شریک ہوئے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر: الیکشن سرگرمیاں تیز، نامزدگیوں کا سلسلہ جاری، 755 امیدوار سامنے آگئے

اس موقع پر بیگم امتیاز نسیم نے تحریک انصاف کے فارورڈ بلاک کو چھوڑ کر مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا۔ انجینئر امیر مقام نے بیگم امتیاز نسیم اور ان کے ہزاروں ساتھیوں کو پارٹی میں خوش آمدید کہا۔

انجینئر امیر مقام نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کی سیاسی اور عوامی خدمات سے نہ صرف باغ اور آزاد کشمیر بلکہ پورا پاکستان مستفید ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) میں شامل ہونے والے تمام افراد کو عزت، احترام اور مناسب نمائندگی دی جائے گی اور ان کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کیا جائے گا۔

انجینئرامیر مقام نے کہا کہ سیاست عزت، احترام اور عوامی خدمت کا نام ہے۔ بیگم امتیاز نسیم کا مسلم لیگ (ن) کے ساتھ محبت اور وابستگی کا رشتہ ہمیشہ قائم رہا ہے

ان کی شمولیت سے پارٹی مزید مستحکم ہوگی۔انہوں نے کہا کہ پارلیمانی مصروفیات کے باوجود تقریب میں شرکت کی اور صحافیوں کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

وفاقی وزیر نے عوامی ایکشن کمیٹی کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے ایکشن کمیٹی کے 38 نکاتی مطالبات تسلیم کیے اور ان پر عملدرآمد بھی کیا۔

انہوں نے کہا کہ مہاجرین کی نشستوں سے متعلق مطالبہ آئینی نوعیت کا تھا، تاہم بعد میں پیش کیے گئے نئے چارٹر آف ڈیمانڈ میں بعض ایسی شقیں شامل کی گئیں جن پر تشویش ہے۔

انجینئرامیر مقام کے مطابق ایکشن کمیٹی نے مزید سات مطالبات شامل کیے، جن میں پاکستان کے ساتھ وفاداری کے حلف سے متعلق آئینی شق ختم کرنے کا مطالبہ بھی شامل تھا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر : انٹرنیٹ سروس معطلی میں مزید توسیع ، نوٹیفکیشن جاری

انہوں نے کہا کہ نئے چارٹر آف ڈیمانڈ سے ایکشن کمیٹی کے عزائم کھل کر سامنے آ گئے ہیں، تاہم حکومت آزاد کشمیر کے عوام کے بنیادی حقوق سے متعلق تمام جائز مطالبات تسلیم کرنے کے لیے تیار ہے۔

اس موقع پر بیگم امتیاز نسیم نے کہا کہ وہ مسلم لیگ (ن) میں شامل ہو کر اپنے گھر واپس آئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے مرحوم شوہر کرنل (ر) نسیم مسلم لیگ (ن) کے بانی رہنماؤں میں شامل تھے اور مشتاق منہاس کے پاس موجود مینڈیٹ دراصل ان کے خاندان کا مینڈیٹ ہے۔

بیگم امتیاز نسیم نے کہا کہ وہ اپنے حلقے اور عوام کے وسیع تر مفاد میں مسلم لیگ (ن) کو مضبوط بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گی اور اسی جذبے سے کام کریں گی جیسے خود انتخاب لڑ رہی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ کرنل (ر) نسیم کے دور میں وسطی باغ میں ریکارڈ ترقیاتی کام ہوئے، تاہم بعد ازاں ترقی کا عمل رک گیا، جسے مسلم لیگ (ن) دوبارہ بحال کرے گی۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ وسطی باغ کی تینوں نشستوں پر مسلم لیگ (ن) کامیابی حاصل کرے گی جبکہ آزاد کشمیر میں بھی پارٹی اکثریت سے حکومت بنائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ 27 جولائی کے بعد آزاد کشمیر کی محرومیوں کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔

مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے رہنما مشتاق منہاس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انجینئر امیر مقام نے اپنی پوری سیاسی زندگی عوام اور پارٹی کی خدمت میں گزاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف نے گلگت بلتستان میں کامیاب انتخابی مہم چلانے پر امیر مقام کو مبارکباد دی تھی اور وہ پارٹی کے لیے بہترین کردار ادا کر رہے ہیں۔

انجینئرامیر مقام نے آزاد کشمیر انتخابات کے حوالے سے کہا کہ ایک ایک حلقے میں متعدد امیدواروں نے ٹکٹ کے لیے درخواستیں دی تھیں۔

تاہم ٹکٹ صرف ایک امیدوار کو دیا جا سکتا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ آزاد جموں و کشمیر کے صدر کی سربراہی میں قائم کمیٹی نے تمام حلقوں اور امیدواروں کی صورتحال کا جائزہ لے کر سفارشات مرتب کیں، جنہیں وزیر اعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ خان کے ساتھ مشاورت کے بعد قائد مسلم لیگ (ن) میاں نواز شریف کو بھجوایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ٹکٹوں کی تقسیم میں ذاتی تعلقات یا دوستی کو نہیں بلکہ صرف پارٹی مفاد کو مدنظر رکھا گیا۔ جن امیدواروں کو ٹکٹ نہیں مل سکے وہ بھی پارٹی کا قیمتی سرمایہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شیر کا نشان اور ٹکٹ دراصل نواز شریف کا ہے، اگر کوئی کارکن یا امیدوار ناراض ہے تو پارٹی قیادت اس سے رابطہ کرے گی اور اسے منائے گی۔
ا
نجینئرامیر مقام نے مزید کہا کہ میاں نواز شریف مسلم لیگ (ن) کے قائد ہیں، انتخابی مہم اپنے عروج پر پہنچے گی تو وہ بھی آزاد کشمیر آئیں گے اور پارٹی امیدواروں کی انتخابی مہم میں حصہ لیں گے۔