میرپور(کشمیر ڈیجیٹل )ٹرانسپورٹ یونین میرپور کے عہدیداران اور رہنماؤں نے افواجِ پاکستان کی خدمات اور قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزادکشمیر اور بالخصوص کشمیری عوام کے لیے افواجِ پاکستان کی لازوال قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں، جن پر پوری قوم کو فخر ہے ۔
ان خیالات کا اظہار ٹرانسپورٹ یونین میرپور کے صدر راجہ محمد جمیل، سیکریٹری جنرل راجہ محمد سرور، راجہ شاکر (صدر میرپور جہلم)، راجہ ارسل نواز، جاوید اقبال، چوہدری نعیم اور دیگر رہنماؤں نے کشمیر پریس کلب میرپور میں ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر پیرا شاہ غازی مارکیٹ کے صدر راجہ خضر حیات بھی موجود تھے،انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل کیلئے پُرامن احتجاج ہر شہری کا جمہوری حق ہے، تاہم آئینی اور قانونی معاملات کا مستقل اور مؤثر حل سڑکوں کے بجائے مذاکرات اور اسمبلی کے فورم پر تلاش کیا جانا چاہیے ۔
انہوں نے کالعدم ایکشن کمیٹی کے نمائندگان سے اپیل کی کہ وہ ہٹ دھرمی ترک کرتے ہوئے مذاکرات کی میز پر آئیں تاکہ مسائل کا حل خوش اسلوبی سے نکالا جا سکے۔رہنماؤں نے کہا کہ مہاجرینِ مقیم پاکستان نے تحریکِ آزادی کشمیر کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں جنہیں کسی صورت فراموش نہیں کیا جا سکتا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:بھمبر : کالعدم ایکشن کمیٹی سے وابستہ 10 افراد کے نام فورتھ شیڈول میں شامل
انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر اور پاکستان ایک دوسرے کے لیے لازم و ملزوم ہیں اور کشمیری عوام پاکستان سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار ہر موقع پر کرتے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ہماری اُمیدوں کا مرکز ہے اور اس کی سلامتی، استحکام اور بقا کے لیے ہم ہر قسم کی قربانی دینے کے لیے تیار ہیں ۔
ان کا کہنا تھا کہ سڑکوں کی بندش، راستوں میں رکاوٹیں کھڑی کرنے اور اہم شاہراہوں کو بلاک کرنے سے عام شہری، مسافر، مریض اور کاروباری طبقہ شدید مشکلات کا شکار ہوتا ہے، اس لیے ایسے اقدامات عوامی مفاد کے منافی ہیں ۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ وہ اس جبری تحریک کو مسترد کرتے ہیں اور تمام فریقین سے تحمل، بردباری اور افہام و تفہیم کے ذریعے معاملات کو حل کرنے کی اپیل کرتے ہیں ۔
انہوں نے پاکستان کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ آزادکشمیر کے داخلی و خارجی راستوں اور انٹری پوائنٹس پر کھڑی گاڑیوں کی آمدورفت میں حائل تمام رکاوٹیں فوری طور پر دور کی جائیں تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہو اور معمولاتِ زندگی بحال رہ سکیں ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:مظفرآباد کے بیکرز مالکان کا کالعدم ایکشن کمیٹی سے لاتعلقی کا اعلان
مقررین نے کہا کہ وہ عوامی ایکشن کمیٹی کی حمایت نہیں کرتے ایکشن کمیٹی کی سرگرمیاں قومی مفادات کے خلاف ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایکشن کمیٹی “بھارت کے ایجنڈے” پر کام کر رہی ہے ۔
پریس کانفرنس کے اختتام پر ٹرانسپورٹ یونین کے رہنماؤں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ عوامی مفادات، آزادکشمیر کے استحکام اور پاکستان کے ساتھ مضبوط رشتے کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے ۔




