فیفا ورلڈکپ،بوسنیا کو شکست ،سوئٹزر لینڈ نے اگلے راؤنڈ کی راہ ہموار کرلی

فیفا فٹبال ورلڈ کپ میں سوئٹرزلینڈ نے بوسنیا ہرزوگوینا کو ایک کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے کر 3 قیمتی پوائنٹس حاصل کرلیے دوسری طرف چیک ری پبلک اور جنوبی افریقا کا میچ ایک ،ایک گول سے برابر ہوگیا۔

لاس اینجلس میں کھیلے گئے میچ کے پہلے ہاف میں دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کے گول پر حملے کے باوجود برتری حاصل نہ کرسکیں۔وقفے پر مقابلہ صفر ، صفر سے برابر تھا۔

یہ بھی پڑھیں: فیفا ورلڈکپ، رونالڈو کا جادو نہ چلا، پرتگال اور کانگو کا میچ برابر ہوگیا

دوسرے ہاف میں سوئٹرزلینڈ کے حملوں میں تیزی آئی جس کے نتیجے میں اُن کے کھلاڑیوں نے انجری ٹائم سمیت 23 منٹ میں 4 گول داغ دیے۔

2گول متبادل کھلاڑی یوہان منزمبی نے اسکور کیے، ایک، ایک گول روبین ورگاس اور زاکا نے بنایا۔

ا س دوران بوسنیا کے ایک کھلاڑی موہاری مووچ کو ریفری نے ریڈ کار ڈ دکھا کر میدان سے باہر بھیج دیا جبکہ اُن کی جانب سے واحد گول 93ویں منٹ میں محمک نے اسکور کیا۔

میچ کا اختتام سوئٹزرلینڈ کی 1-4 کی جیت پر ہوا جس نے میچ کے 3 قیمتی اور مجموعی طور پر 4 پوائنٹس حاصل کرکے اگلے راؤنڈ میں پہنچنے کی راہ ہموار کرلی ہے۔

ادھرفیفا ورلڈ کپ 2026میں چیک ری پبلک اور جنوبی افریقا کا میچ 1-1 گول سے برابر ہوگیا۔

اٹلانٹا میں گروپ اے کی دونوں ٹیمیں جنوبی افریقا اور چیک ری پبلک پہلا میچ ہارنے کے بعد ٹورنامنٹ میں پہلا پوائنٹ حاصل کرنے کا عزم لیے میدان میں اتریں۔

چیک ری پبلک نے میچ کا شاندار آغاز کرتے ہوئے چھٹے منٹ میں میکال سیڈیلیک کے گول کی بدولت برتری حاصل کی جو ہاف ٹائم پر برقرار رہی۔

یہ بھی پڑھیں:فیفا ورلڈکپ ،تیونس نے پہلے میچ میں شکست پرکوچ کو برطرف کردیا

83ویں منٹ میں چیک ری پبلک کے کھلاڑی پاویل شُلتس کے باکس میں ہینڈ بال پر ریفری نے جنوبی افریقا کو پنالٹی دی۔ ٹیبوہو موکوینا نے پنالٹی پر گول اسکور کرکے مقابلہ ایک ، ایک سے برابر کردیا۔

موکوینا کے فیصلہ کن گول نے جنوبی افریقا کی ورلڈ کپ اُمیدوں کو برقرار رکھاجبکہ دونوں ٹیمیں ابتدائی میچ میں شکست کے بعد اس بار ایک ایک پوائنٹ کے ساتھ میدان سے واپس گئیں۔