اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے آزاد کشمیر کی مہاجرین نشستوں سے متعلق معاملے پر سخت موقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک فارن فنڈڈ تنظیم ان نشستوں کے معاملے پر بلیک میلنگ کر رہی ہے جبکہ اس حوالے سے فیصلہ آزاد کشمیر کے عوام اور مہاجرین کو خود کرنے دیا جانا چاہیے۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز کے باوجود پاکستان نے اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: وزیردفاع خواجہ آصف کا کشمیریوں کو آئین کا آرٹیکل 5 پڑھنے کا مشورہ
انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان نے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کا مقابلہ کیا اور قربانیاں دینے والے جوانوں کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
وزیر دفاع نے کہا کہ ملک کے لیے جانیں قربان کرنے والے اہلکاروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
انہوں نے دہشت گردی کے مسئلے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان سے متعلق معاملات کو سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے بجائے سنجیدگی سے دیکھنے کی ضرورت ہے کیونکہ پاکستانی جوان مسلسل دہشت گردی کے خلاف قربانیاں دے رہے ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان نے کئی دہائیوں تک افغان مہاجرین کی میزبانی کی اور افغانستان کے ساتھ دہشت گردی کے مسئلے پر مذاکرات کے لیے مختلف راستے اختیار کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ قطر اور ترکیہ کے ذریعے بھی رابطے کیے گئے لیکن ابھی تک یہ کوششیں مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کر سکیں۔
ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ معاہدے کے حوالے سے وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان کو بڑی سفارتی کامیابی حاصل ہوئی ہے اور اس پیش رفت سے ملک کے وقار میں اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی کوششوں سے مشکل صورتحال میں اہم پیش رفت ممکن ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں: محرم الحرام کا آغاز، تشیع کمیونٹی آزادکشمیر کی عوامی ایکشن کمیٹی سے احتجاج موخر کرنے کی اپیل
انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان کے کردار کو سراہا جا رہا ہے اور قوموں کی تاریخ میں ایسے مواقع طویل عرصے بعد آتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن کے لیے تمام سیاسی قوتوں اور اداروں کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔
وزیر دفاع نے ایوان میں سیاسی اختلافات کے باوجود پارلیمانی روایات برقرار رکھنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایک دوسرے پر بے بنیاد الزامات سے گریز کرنا چاہیے اور قومی اداروں و ایوان کے تقدس کا خیال رکھا جانا ضروری ہے۔




