محرم الحرام کا چاند نظر نہیں آیا، رویت ہلال کمیٹی کا اعلان

رویت ہلال کمیٹی کے مطابق محرم الحرام کا چاندنظر نہیں آیا، یکم محرم الحرام 17جون بروز بدھ کو یوم عاشور26جون بروز جمعہ کو ہوگا۔

لاہور میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس کے بعد چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ ملک میں کہیں بھی محرم الحرام کا چاند نظر آیا لہذا یکم محرم الحرام بروز بدھ17جون کو ہوگی اور یوم عاشور26جون جمعہ کو ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں محرم الحرام پر 2 روزہ سرکاری تعطیلات کا امکان

مولانا عبدالخبیر آزاد کے مطابق محرم الحرام کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی اجلاس اقبال ہال، بادشاہی مسجد میں منعقد ہوا، پاکستان بھر سے کہیں بھی چاند نظر آنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی، پاکستان بھر کے بیشتر مقامات پر مطلع صاف، کچھ جگہ پر ابر آلود رہا۔

انہوں نے کہا کہ علماء نے ہمیشہ اپنا کلیدی کردار ادا کیا ہے،قرآن کریم وحدت کا درس دیتا ہے، قرآن کریم نے تفرقات میں نہ پڑنے کی ہدایت کی ہے۔

مولانا عبد الخبیر آزاد نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت اجلاس میں بین المذاہب پر بات ہوئی، سوشل میڈیا پر کسی بھی طرح کی نفرت انگیز پوسٹ نہ لگائی جائے، سیاسی قیادت اور فیلڈ مارشل پر ناز ہے جو عالمی طاقتوں کو میز پر لائے۔

یہ بھی پڑھیں: محرم الحرام کا چاند: رویت ہلال ریسرچ کونسل کی اہم پیشگوئی

ان کا کہناتھا کہ ملائشیا میں وزیراعظم سمیت 70 ممالک کے علماء نے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے، پاکستان دنیا بھر میں نام کما رہا ہے، فتنہ الخوارج ہندوستان کی کوئی سازش چلنےنہیں دیں گے، معرکہ حق میں پاکستانی افواج کو تاریخی فتح ملی۔

قبل ازیں محکمہ موسمیات اور رویت ہلال ریسرچ کونسل نے پیشگوئی کی تھی کہ چاند دیکھنے کے لیے عمر 21 گھنٹے 20 منٹ ہونی چاہیے اس لیے آج چاند نظر آنے کا امکان نہیں ہے۔