کابینہ اجلاس، حرمین الشریفین کے تحفظ کی بھرپور حمایت کی اہم قرارداد منظور

مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل)وزیراعظم افتخارگیلانی کی زیر صدرت آزادجموں وکشمیر کابینہ کے اجلاس میں قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔

قرارداد میں کہاگیا کہ آزاد جموں وکشمیر کابینہ کا یہ اجلاس نو منتخب وزیر اعظم افتخار گیلانی کووزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتا ہے۔

اجلاس وزیر اعظم آزاد جموں وکشمیر افتخار گیلانی کے ریاست کی ترقی اور عوام کی خوشحالی سے متعلق ویژن کو اکیسویں صدی کے تقاضوں کے عین مطابق سمجھتا ہے ۔اس کی تکمیل کیلئے تمام دستیاب وسائل اور ذرائع بروئے کار لانے کا عزم کرتا ہے۔

قرارداد میں کہاگیا کہ کابینہ کا یہ اجلاس قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات میں عوام کی بھر پور شرکت، انتخابات کو بہترین طور پر سرانجام دینے پر چیف الیکشن کمیشنر، ممبران اور دیگر عملہ کو خراج تحسین پیش۔

اور ان انتخابات میں امن وامان کی صورتحال کو برقرار رکھنے پر افواج پاکستان، پولیس، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور بہترین کوریج ودیگر انتظامات پر متعلقہ حکومتی محکمہ جات کی کارکردگی کو سراہتاہے۔

قرارداد میں کہاگیا کہ کابینہ کا یہ اجلاس پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد محمد نواز شریف کی قیادت پر کشمیری عوام کی جانب سے بھرپور اعتماد کے اظہار اور آزاد جموں وکشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے قیام کیلئے عوامی مینڈیٹ کی حمایت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

اجلاس کشمیری عوام کی جانب سے قائد پاکستان محمد نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرنے پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:کفایت شعاری مہم :غیر ملکی دوروں ،نئی گاڑیوں کی خریداری پرپابندی عائد

اس امر کا اعادہ کرتا ہے کہ کشمیری عوام پاکستان کی ترقی، خوشحالی، استحکام اور جمہوری عمل کے ساتھ اپنی وابستگی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

قرارداد میں کہاگیا کہ کابینہ کا یہ اجلاس مشترکہ مکہ دفاعی معاہدہ کے حوالے سے اظہارِ مسرت کرتے ہوئے اسے اسلامی دنیا کے اتحاد، باہمی تعاون، امن، رواداری اور امتِ مسلمہ کے اجتماعی مفادات کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیتا ہے۔

اجلاس اس اہم پیش رفت پر اسلامی دنیا اور پاکستان،سعودی عرب اور ترکیہ کی قیادت کو مبارکباد پیش کرتا ہے اور امید ظاہر کرتا ہے کہ اس دفاعی معاہدے سے علاقائی اور عالمی امن کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔

آزادکشمیر کابینہ کا یہ اجلاس مکہ مکرمہ کی مقدس حدود کے قریب ڈرون حملے کی کوشش کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کی قیادت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے حرمین شریفین کے تقدس اور سلامتی کے تحفظ کیلئے اپنی بھرپور حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔

قراردادمیں کہاگیاکہ کابینہ کا یہ اجلاس وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز کی قیادت میں عوامی فلاح و بہبود، معاشی استحکام، ترقیاتی منصوبوں، روزگار کے مواقع میں اضافے اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے کی جانے والی کاوشوں کو سراہتا ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:بروقت ،موثر کوریج،کشمیر ڈیجیٹل آزادکشمیر بھر میں پہلے نمبر پر آگیا

اجلاس ملک بھر او ربالخصوص صوبہ پنجاب کو ترقی و خوشحالی کی شاہراہ پر گامزن کرنے کیلئے کئے جانیوالے اقدامات پر خراجِ تحسین پیش کرتا ہے۔

اس عزم کا اظہار کرتا ہے کہ اس ویژن اور راہنمائی کے تحت آزاد کشمیر میں سال 2021ء میں مسلم لیگ کی حکومت کے خاتمے کے بعد رکنے والے ترقی کے عمل کو بھرپور طریقہ سے دوبارہ شروع کیا جائے گا۔

قرارداد میں کہاگیاکہ کابینہ کا یہ اجلاس مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل بگڑتی ہوئی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتا ہے۔

اجلاس مقبوضہ کشمیر کے عوام کو درپیش مشکلات، بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور شہری آزادیوں پر عائد پابندیوں کے خاتمے پر زور دیتا ہے۔

اجلاس عالمی برادری، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے کشمیری عوام کے بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ اور مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کیلئے موثر کردار ادا کریں۔

قرارداد میں کہاگیاکہ اجلاس اس امر کا اعادہ کرتا ہے کہ حکومت کے تمام متعلقہ محکمے اور ادارے عوامی فلاح، گورننس میں بہتری، میرٹ و شفافیت کے فروغ، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔