ملک بھر میں محرم الحرام پر 2 روزہ سرکاری تعطیلات کا امکان

اسلام آباد: محرم الحرام کے مقدس مہینے کے آغاز کے ساتھ ہی رواں ماہ کے آخر میں ملک بھر میں 2 روزہ سرکاری تعطیلات کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ تاہم ان تعطیلات کا باضابطہ اور حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے چاند نظر آنے کے فیصلے کے بعد ہی کیا جائے گا۔

ابتدائی فلکیاتی اندازوں اور ماہرینِ فلکیات کی پیش گوئی کے مطابق 9 اور 10 محرم الحرام، یعنی یومِ عاشور، 25 اور 26 جون 2026 کو ہونے کا امکان ہے۔ حکومتِ پاکستان کی جانب سے 9 اور 10 محرم الحرام کو ملک بھر میں عام تعطیلات کا اعلان کیا گیا ہے، لیکن ان تاریخوں کی حتمی تصدیق محرم الحرام کا چاند نظر آنے پر ہی ممکن ہوگی۔ چاند کی رویت کے فوراً بعد وفاقی حکومت کی جانب سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور ہائیکورٹ: جمعہ اور ہفتے کی چھٹی ختم، نوٹیفکیشن جاری

یاد رہے کہ وفاقی حکومت 9 اور 10 محرم کو ملک بھر میں عام تعطیلات کا اعلان کرتی ہے، جس دوران تمام سرکاری و نجی دفاتر، بینک اور تعلیمی ادارے مکمل طور پر بند رہتے ہیں۔ نوٹیفکیشن کی صورت میں ملک بھر کے تمام سرکاری اور نجی شعبے اپنے معمولاتِ زندگی معطل رکھیں گے۔ ان تعطیلات کا مقصد یومِ عاشور کے موقع پر ملک بھر میں امن و امان اور دیگر انتظامات کو یقینی بنانا ہوتا ہے۔

ترجمان سپارکو کے مطابق محرم کا چاند 15جون کو نظر آنے کے امکانات نہایت محدود ہیں اور ذی الحج 1447 ہجری کے 30 دن مکمل ہونے کا امکان ہے۔ ترجمان نے واضح کیا ہے کہ یکم محرم 17 جون کو متوقع ہے اور اگر یکم محرم الحرام 17 جون کو ہوتی ہے تو پھر یوم عاشور 9 اور 10 محرم کے حساب سے 25 اور 26 جون کو ہوگا، جس میں یومِ عاشور 26 جون بروز جمعہ کو آئے گا۔ چاند کی حتمی رویت کے بعد ہی وفاقی حکومت کی جانب سے باضابطہ نوٹیفکیشن کی منظوری دی جائے گی۔

مزید پڑھیں: آزادکشمیر: سرکاری ونجی تعلیمی اداروں میں تعطیلات کا اعلان