آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈکپ 2026 کے ہائی وولٹیج ٹاکرے میں بھارتی ویمنز ٹیم نے روایتی حریف پاکستان کو جیت کیلئے 171 رنز کا ہدف دے دیا ہے ۔ برمنگھم کے تاریخی ایجبسٹن اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے اس میچ میں بھارتی کپتان ہرمن پریت کور نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ۔
بھارتی ٹیم کا آغاز اچھا نہ تھا اور محض 18 رنز کے مجموعی اسکور پر اس کی دو اہم وکٹیں گر گئیں ۔ اوپنر شیفالی ورما 6 رنز بنا کر سعدیہ اقبال کی گیند پر آؤٹ ہوئیں، جبکہ جمائیما روڈریگز صرف 1 رن بنا کر تسمیہ رباب کا شکار بنیں ۔
ابتدائی دھچکے کے بعد بھارتی مڈل آرڈر نے زبردست کم بیک کیا۔ اوپنر سمرتی مندھانا اور کپتان ہرمن پریت کور نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستانی بولرز پر دباؤ بڑھایا۔ سمرتی مندھانا نے 68 رنز کی شاندار اور جارحانہ اننگز کھیل کر ٹیم کو مضبوط بنیاد فراہم کی ۔
17ویں اوور میں کپتان ہرمن پریت کور کے آؤٹ ہونے پر پاکستانی ٹیم نے میچ میں واپسی کی کوشش کی لیکن رِچا گھوش کی آخری اوورز میں دھواں دھار بیٹنگ نے رن ریٹ کو کم نہ ہونے دیا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:فیفا ورلڈ کپ: سوئٹزرلینڈ اور قطر کا میچ 1-1 سے برابر
بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز کا بڑا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجا دیا ۔
پاکستانی بولنگ لائن کی جانب سے سعدیہ اقبال اور کپتان فاطمہ ثنا نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 2،2 وکٹیں حاصل کیں ۔
میچ سے قبل اسٹیڈیم میں دونوں ٹیموں کے شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی، تاہم ٹاس کے بعد دونوں کپتانوں کے درمیان روایتی مصافحہ (ہاتھ ملانا) دیکھنے کو نہیں ملا جو کہ شائقین کے لیے حیران کن تھا ۔
بھارتی کپتان ہرمن پریت کور نے کہا کہ پچ بیٹنگ کے لیے بہت سازگار ہے، اسی لیے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ۔ گزشتہ ورلڈ کپ کی کارکردگی نے ہمیں حوصلہ دیا ہے اور ہماری نظریں اپنے پلان پر عمل کرنے پر ہیں ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:چترال کو 13سال بعدشکست : گلگت بلتستان نے شندور پولو فیسٹیول کا ٹائٹل جیت لیا
پاکستانی کپتان فاطمہ ثنانے کہا کہ ہم بھی ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ ہی کرنا چاہتے تھے۔ ہماری بیٹنگ اور بولنگ دونوں فارم میں ہیں، خاص طور پر ہمارا بولنگ یونٹ بہت مضبوط ہے اور ہمیں ایک سخت مقابلے کی اُمید ہے ۔



