نیلم (راجہ ساجد سے) نو تعینات ڈسٹرکٹ اینڈسیشن جج نے ڈپٹی کمشنر اور ایس پی نیلم کے ہمراہ تھانہ سٹی کا ہنگامی دورہ کیا اور حوالات میں گنجائش سے زیادہ قیدیوں کی موجودگی اور سہولیات کے فقدان پرتشویش کا اظہارکیا۔
ڈسٹرکٹ اینڈسیشن جج ، ڈپٹی کمشنر اور ایس پی نیلم کی ہدایت پر ایس ایچ او وجاہت کاظمی نے فوری ایکشن لیتے ہوئے نئی حوالات کی تعمیر کا کام شروع کردیا ۔
یہ بھی پڑھیں:پھانسی سے چند گھنٹے پہلے نوجوان کی فون پر اپنی ساتھی قیدی سے شادی
تفصیلات کے مطابق نو تعینات ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج، ڈپٹی کمشنر اور ایس پی نیلم نے تھانہ سٹی کا تفصیلی دورہ کیا اور وہاں بند قیدیوں سے ملاقاتیں کیں۔
دورے کے دوران حکام نے پایا کہ تھانہ سٹی میں سہولیات کا شدید فقدان اور مکانیت کی سخت کمی ہے۔ جگہ کی قلت کے باعث 12×12 کے ایک ہی چھوٹے سے کمرے (حوالات) میں 18 قیدیوں کو بند رکھا گیا تھا جہاں ان کے لیے صرف ایک ہی واش روم کی سہولت میسر تھی۔
مزید برآں، تھانہ سٹی کی حدود میں کینٹین نہ ہونے کی وجہ سے قیدیوں کو باہر کے ہوٹلوں سے مہنگا ترین کھانا منگوانا پڑ رہا تھا، جو قیدیوں اور ان کے لواحقین کے لیے شدید مشکلات کا باعث بنا ہوا تھا۔
اس صورتحال کا سخت نوٹس لیتے ہوئے، ایس پی نیلم کی خصوصی ہدایات پر ایس ایچ او تھانہ سٹی وجاہت کاظمی نے فوری اور ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔
متبادل اور عارضی انتظامات کے تحت، زنانہ حوالات کو فوری طور پر جوڈیشل لاک اپ میں تبدیل کر کے مرد قیدیوں کو وہاں منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ زیر حراست دو خواتین قیدیوں کے لیے تھانہ کے ایک الگ کمرے کو عارضی حوالات کا درجہ دے دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:دھیرکوٹ: خاتون کے بال ، بھنویں کاٹنے کا افسوسناک واقعہ،ملزمان گرفتار
واضح رہے کہ ایس ایچ او وجاہت کاظمی نے اپنی تعیناتی کے بعد سے تھانہ سٹی آٹھمقام میں بڑے پیمانے پر مثبت تبدیلیاں متعارف کروائی ہیں۔ انہوں نے تھانے کے انتظامی ڈھانچے کو بہتر بناتے ہوئے ایس ایچ او اور ایڈیشنل ایس ایچ او کے دفاتر اور رہائش گاہوں کو الگ الگ کر دیا ہے۔
اس سے قبل وہ تھانے میں صفائی ستھرائی کے نظام کو مثالی بنانے سمیت رنگ و روغن اور تزئین و آرائش کا کام بھی مکمل کروا چکے ہیں، جس سے تھانے کا ماحول اور عوامی تاثر کافی حد تک تبدیل ہوا ہے۔




