دنیا کے سب سے بڑے فٹبال میلے ’فیفا ورلڈ کپ 2026‘ کا باقاعدہ آغاز میکسیکو میں ایک شاندار اور رنگا رنگ افتتاحی تقریب کے ساتھ ہو گیا ہے۔
تاریخ میں پہلی بار یہ ٹورنامنٹ3 ممالک (میکسیکو، کینیڈا اور امریکا) میں کھیلا جارہا ہے، اور اسی مناسبت سے تینوں ممالک میں الگ الگ افتتاحی تقریبات منعقد کی جارہی ہیں، جن میں سے پہلی تقریب میکسیکو سٹی اسٹیڈیم میں ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:فیفا ورلڈ کپ 2026 کی تیاریاں مکمل: 48 ٹیموں کے اسکواڈز کا اعلان، 1248 کھلاڑیوں کی ریکارڈ شمولیت
میکسیکو میں ہونے والی اس تقریب میں وہاں کی روایتی ثقافت، مقامی رقص اور موسیقی کو خوبصورت انداز میں پیش کیا گیا ہے۔
اسٹیڈیم کو میکسیکو کے روایتی کاغذ کے فن (Papel Picado) اور دیگر ثقافتی رنگوں سے سجایا گیا ہے جس نے شائقین کے جوش و خروش کو دگنا کر دیا ہے۔
اس افتتاحی تقریب کو یادگار بنانے کے لیے دنیا بھر سے نامور گلوکاروں اور فنکاروں کو مدعو کیا گیا تھا جنہوں نے اپنی پرفارمنس سے اسٹیڈیم میں سماں باندھا۔
عالمی شہرت یافتہ ستارے شکیرا اور برنا بوائے فیفا ورلڈ کپ 2026 کا آفیشل ترانہ ’دائی دائی‘ لائیو پرفارم کیا، میکسیکو کے مقبول گلوکار الیجینڈرو فرنینڈس نے تقریب میں میکسیکو کا قومی ترانہ پیش کرنے کے ساتھ ساتھ اپنی آواز کا جادو جگا یا۔
واضح رہے کہ اس افتتاحی تقریب کے فوراً بعد ٹورنامنٹ کا پہلا افتتاحی میچ میزبان ملک میکسیکو اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:فیفا ورلڈ کپ میں کونسی ٹیمیں مضبوط ہیں اور ٹرافی کی مالیت کتنی ہے؟
اس کے بعد اگلی تقریبات امریکا اور کینیڈا میں ہوں گی جہاں دیگر عالمی ستارے پرفارم کریں گے۔
منتظمین کے مطابق ورلڈ کپ سے تقریباً 13 ارب ڈالر آمدنی متوقع ہے، تاہم ایونٹ کے آغاز سے قبل مہنگے ٹکٹوں، ویزا پابندیوں اور امیگریشن مسائل نے بھی خاصی توجہ حاصل کی۔



