نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے رابطہ ہوا ہے جس میں دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا ہے کہ گلگت میں سنگل لارجسٹ پارٹی ہی حکومت بنائے گی۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نےبلاول بھٹو سے رابطہ کیا اور گلگت بلتستان انتخابات میں پیپلز پارٹی کی کامیابی پر انہیں مبارک باد دی۔
یہ بھی پڑھیں:گلگت بلتستان الیکشن،پیپلزپارٹی کے سب سے زیادہ ووٹ، آزادامیدواروں کا دوسرانمبر
بلاول بھٹو اوراسحاق ڈار نے اتفاق کیا کہ گلگت میں سنگل لارجسٹ پارٹی ہی حکومت بنائے گی۔اس کے علاوہ گلگت بلتستان کے امور پر دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے ساتھ بیٹھنے پر اتفاق کیا۔
اس سے قبل وزیراعظم نےگلگت بلتستان الیکشن میں کامیابی پر صدر زرداری کو مبارک باد دی تھی اور مسکراتے ہوئےکہا کہ نوجوان بلاول نے ہم سے بہتر انتخابی مہم چلائی۔ ذرائع کے مطابق صدر آصف زرداری نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ آخر بیٹا کس کا ہے!
واضح رہے کہ 24 کے ایوان میں حکومت بنانے کے لیے 13 نشستیں درکار ہیں۔
گلگت بلتستان اسمبلی انتخابات کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی 10 نشستیں لے کرسب سے آگے ہے جبکہ آزاد امیدوار 7 نشستیں لے گئے،مسلم لیگ ن کی 6 نشستیں ہیں۔
ادھر پاکستان پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے صدر،نو منتخب رکن صوبائی اسمبلی امجد حسین ایڈووکیٹ کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے حالیہ عام انتخابات میں 11نشستیں جیت چکی ہے اور تمام کامیاب ہونے والے آزاد ارکانِ اسمبلی ان کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مسلم لیگ ن کے رہنما حافظ حفیظ الرحمن کے دعوئوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کے پاس گیارہ واضح اور کلیئر نشستیں موجود ہیں، اگر سابق وزیر اعلیٰ کو یہ نشستیں پانچ دکھائی دے رہی ہیں تو یہ ان کا اپنا مسئلہ ہے، انہیں چاہیے کہ وہ اپنی عینک ٹھیک کریں۔
یہ بھی پڑھیں: گلگت بلتستان انتخابات متنازع بن گئے؟ جے یو آئی (ف) نے انتخابی شفافیت پر سنگین سوال اٹھا دیا
امجد حسین ایڈووکیٹ نے واضح کیا کہ آزاد امیدواروں کے ساتھ مل کر جلد حکومت سازی کے عمل کو حتمی شکل دی جائے گی اور اس حوالے سے معاملات مثبت انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے انکشاف کیا کہ مسلم لیگ ن خود بھی پیپلز پارٹی کے ساتھ مل کر حکومت سازی کا حصہ بننے کی خواہشمند ہے، اگر وہ حکومت کا حصہ بننا چاہتے ہیں تو اس میں کوئی راکٹ سائنس نہیں ہے۔




