وزیر اعظم کروم بک اسکیم کیلئے درخواست دینے کا طریقہ سامنے آگیا

وزیر اعظم کروم بک اسکیم 2026 کیلئے اہلیت کا معیار اور درخواست دینے کا طریقہ کار سامنے آگیا۔

وفاقی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ وزیر اعظم کروم بک اسکیم کے تحت ملک بھر میں جماعت نہم کے سب سے زیادہ نمبر حاصل کرنے والے طلبہ میں 5 لاکھ کروم بک ڈیوائسز تقسیم کیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:قومی بچت اسکیموں کے شرح منافع میں نمایاں اضافہ، نیا نوٹیفکیشن جاری

 اسکیم میں اہل ہونے کیلئے جماعت نہم (ایس ایس سی-I) کے حالیہ امتحانات میں کم از کم 50 فیصد نمبر حاصل کرنا ضروری ہے۔

نتائج کی تصدیق انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن (آئی بی سی سی) کرے گا، انتخاب ہر علاقے یا صوبے، تعلیمی بورڈ، اور تعلیمی سلسلے کے اندر میرٹ کی بنیاد پر کیا جائے گا۔

درخواست دہندگان سرکاری اسکولوں، صوبائی حکومتوں اور صوبائی تعلیمی فاؤنڈیشنز کے تعاون سے چلنے والے نجی اسکولوں، اور رجسٹرڈ مدارس کے طلبہ ہونے چاہئیں۔

سکیم کے تحت صوبوں ، اسلام آباد،آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کا کوٹہ مقرر کیا گیا ہے، کوٹہ کے تحت پنجاب کے طلبہ کیلئے ایک لاکھ 81ہزار90،سندھ کیلئے 85ہزار925، خیبرپختونخوا کیلئے 51ہزار170کروم بک کاکوٹہ مقرر کیا گیا ہے۔

بلوچستان کے طلبہ میں 31ہزار815،اسلام آبادمیں ایک لاکھ، آزادکشمیر اور گلگت بلتستان میں 25،25ہزار کروم بک تقسیم کئے جائیں گے۔

ہر علاقے یا صوبے کے حصے میں سے اسکول کے طلبہ کیلئے80 فیصد اور مدارس کے طلبہ کیلئے20 فیصد کوٹہ مختص ہے، جس میں سے 70 فیصد سائنس سٹریم اور 30 فیصد آرٹس سٹریم کیلئے رکھا گیا ہے۔

اسکول کروم بکس کو کوریئر کے ذریعے بھیجنے سے قبل مارکس شیٹ کے نتائج، موجودہ طالب علم کی رجسٹریشن، اور موجودہ اسکول سے وابستگی کی تصدیق کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں:خواتین کے لیے اسکوٹی فنانسنگ اسکیم، ماہانہ قسط صرف 4,680 روپے سے شروع

کوریئر سروس میں ٹریکنگ سسٹم موجود ہے اور انتخابی عمل، تصدیق اور ترسیل میں تاخیر سے متعلق شکایات کیلئے شکایتی کمیٹیاں قائم کی جائیں گی۔

منتخب ہونے والے ہر طالب علم کو ایک بیگ اور مائی فائی انٹرنیٹ ڈیوائس بھی دی جائے گی تاکہ وہ گھر بیٹھے آن لائن تعلیمی مواد، ای لائبریریز، اور ڈیجیٹل مواد تک رسائی حاصل کر سکیں۔

درخواست دینے کا طریقہ

درخواستیں سرکاری IBCC پورٹل (pmychromebooks.ibcc.edu.pk) کے ذریعے پراسیس کی جاتی ہیں، جہاں اہل طلبہ اپنا ریکارڈ چیک کر سکتے ہیں۔

مطلوبہ دستاویزات (تصویر، مارکس شیٹ، بی فارم/شناختی کارڈ کی کاپیاں) اپ لوڈ کر سکتے ہیں اور اپنے بورڈ کے نتائج آنے کے بعد اپنی درخواستیں جمع کروا سکتے ہیں۔