مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل) آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن نے عام انتخابات 2026 کیلئے ضابطہ اخلاق جاری کر دیا۔
تمام ملازمین کے تقرر، تبادلہ جات اور نئی آسامیاں کی تخلیق پر پابندی عائد کر دی گئی۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق ناگزیر صورتحال کے پیش نظر آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن سے رضامندی حاصل کرنا ہوگی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر:9 جون کی کال مسترد،تاجروں کا دکانیں کھلی رکھنے کا اعلان
وزرا اور ممبران اسمبلی سرکاری فنڈز از قسم ترقیاتی فنڈز، زکوٰۃ، سوشل ایکشن پلان فنڈز اور بیت المال فنڈز کی تقسیم نہیں کریں گے۔
سرکاری سامان مثلا بجلی کے کھمبے، پائپ، کمرشل اور تعمیراتی لکڑی، جنگل سے درخت وغیرہ تقسیم نہیں کر سکیں گے۔
آزادکشمیر کے حدود میں نئی ترقیاتی سکیموں کے اجراء پر بھی پابندی کا اطلاق ہوگا۔ تاہم معمول کے ترقیاتی کام متعلقہ محکموں کے ملازمین کے ذریعے جاری رہیں گے۔
کوئی بھی امیدوار یا اسکا حامی کسی ترقیاتی منصوبے کا افتتاح نہیں کرے گا اور نہ ہی امن وامان کے لیے متعین ملازمین کے علاوہ کوئی سرکاری ملازم جلسے جلوس میں شرکت یا اس قسم کی تقریب منعقد کرے گا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر عوام نے کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کو مسترد کر دیا،آئی جی لیاقت علی ملک
سرکاری وسائل بشمول سرکاری گاڑیوں کے استعمال پر پابندی عائد ہوگی۔ پریس ریلیز میں مزید بتایا گیا ہے کہ بورڈ
آف ریونیو، ترقیاتی ادارہ جات بشمول منگلا ڈیم ہاؤسنگ اتھارٹی میں ہر قسم کی الاٹمنٹ یا لیز پر پابندی عائد ہوگی۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق/ ہدایات کی خلاف ورزی کرنے یا ٹھوس ثبوت کے ساتھ شکایت موصول ہونے پر الیکشن کمیشن تادیبی کارروائی عمل میں لائے گا
جو کہ سرکاری ملازم کی معطلی یا انتخابات میں حصہ لینے والے امیدوار کی نااہلی بھی ہو سکتی ہے۔




