بیروت پر حملوں کا جواب، ایران نے اسرائیل پر میزائل داغ دیئے

ایران نے لبنان کے دارالحکومت بیروت پر حملوں کے جواب میں اسرائیل پر میزائل داغ دیئے ہیں۔

اسرائیل فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کی جانب سے اسرائیل پر میزائل فائر کیے گئے ہیں اور فضائی دفاع نظام میزائل حملوں کوناکام بنا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ایران کیساتھ جاری جنگ امریکہ کے مفادات کے خلاف ہے: امریکی شہریوں کی رائے

اسرائیلی فوج کے مطابق میزائل لانچ کا پتا چلنے کے بعد حیفا اور شمالی اسرائیل کے دیگر علاقوں میں سائرن بجا دئیے گئے۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ وہ آئندہ چند گھنٹوں میں ممکنہ حملوں کے پیش نظر ہائی الرٹ پر ہے۔

اسرائیلی فوج کی جانب سے ایران کی طرف سے میزائل فائر کرنے کا دعویٰ اتوار کو بیروت کے جنوبی مضافات پر کئے گئے اسرائیلی حملے کے بعد سامنے آیا ہے، جس میں جانی نقصان کی اطلاعات ہیں۔

واضح رہے کہ ایرانی حکام نے لبنانی دارالحکومت پر اسرائیلی حملے کے جواب میں جوابی کارروائی کی وارننگ دی تھی۔

دوسری جانب پاسداران انقلاب نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل لبنان پر حملے روک دے ورنہ نتائج مزید تباہ کن ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں:محسن نقوی کی ایرانی وزیر خارجہ سکندر مومنی سے ملاقات،خطے کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال

کمانڈر خاتم الانبیاء ہیڈ کوارٹرز کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے حد پار کی اور بیروت پر جارحیت نہ روکی گئی تو اسرائیل کے حامیوں کو بھی نشانہ بنائیں گے۔