وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنے ایرانی ہم منصب سکندر مومنی سے ایک اہم ملاقات کی، جس میں خطے کی موجودہ صورتحال، پاک ایران تعلقات و باہمی دلچسپی کے مختلف اُمور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔
ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور علاقائی صورتحال کے تناظر میں مشترکہ حکمت عملی پر بھی گفتگو کی گئی ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات کے دوران محسن نقوی نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا خصوصی پیغام بھی ایرانی وزیر داخلہ تک پہنچایا ۔
اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے خطے میں جاری پیشرفت، سیکیورٹی چیلنجز اور بدلتی ہوئی سیاسی صورت حال پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ موجودہ حالات میں قریبی رابطوں اور مسلسل مشاورت کی ضرورت پہلے سے زیادہ اہم ہو چکی ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ثالثی مشن،محسن نقوی کی ایرانی صدر سے 90منٹ کی تفصیلی ملاقات
ذرائع کے مطابق دونوں وزرائے داخلہ کے درمیان پاکستان اور ایران کے باہمی تعلقات، سرحدی تعاون اور سیکیورٹی سے متعلق معاملات بھی زیر بحث آئے ۔
اس کے علاوہ خطے کی تازہ سیاسی صورتحال اور مختلف علاقائی چیلنجز پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی اور اس کے ممکنہ اثرات بھی ملاقات کے دوران زیر غور آئے جبکہ دونوں رہنماؤں نے اس حوالے سے اپنے اپنے مؤقف اور خیالات کا اظہار کیا ۔
ملاقات کے دوران اس امر پر زور دیا گیا کہ خطے میں پائیدار امن، استحکام اور سلامتی کے قیام کے لیے سفارتی کوششوں، مسلسل رابطوں اور باہمی تعاون کا فروغ ناگزیر ہے ۔
دونوں ممالک کے وزرائے داخلہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان روابط کو مزید وسعت دی جائیگی تاکہ علاقائی امن، استحکام اور مشترکہ مفادات کے تحفظ کیلئے مؤثر کردار ادا کیا جا سکے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:مذاکرات کا دوسرا دور، وزیر داخلہ محسن نقوی اہم پیغام لے کر ایران پہنچ گئے
یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب خطے کو متعدد سفارتی اور سیکیورٹی چیلنجز کا سامنا ہے، جس کے باعث پاکستان اور ایران کے درمیان اعلیٰ سطحی روابط کو غیر معمولی اہمیت دی جا رہی ہے ۔




