وفاقی حکومت نے چھوٹے کاروبار اور دکانداروں کو ٹیکس نظام میں شامل کرنے کیلئے ایک نئی اور آسان فکسڈ ٹیکس اسکیم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کا مقصد تاجروں کیلئےرجسٹریشن اور ٹیکس ادائیگی کے عمل کو سادہ بنانا اور پیچیدہ قواعد و ضوابط سے نجات فراہم کرنا ہے ۔
حکومت کو اُمید ہے کہ اس اقدام کے ذریعے بڑی تعداد میں وہ کاروبار بھی ٹیکس نیٹ میں شامل ہوں گے جو اب تک اس نظام سے باہر رہے ہیں ۔
نئے طریقہ کار کے مطابق وہ دکاندار اور چھوٹے تاجر جن کی سالانہ فروخت 20 کروڑ روپے یا اس سے کم ہوگی، انہیں اپنی آمدن پر صرف ایک فیصد کے حساب سے ٹیکس ادا کرنا ہوگا ۔
حکام کے مطابق اس نظام کا مقصد چھوٹے کاروباروں پر مالی بوجھ کم کرنا اور انہیں ایک سادہ اور قابلِ فہم ٹیکس ڈھانچہ فراہم کرنا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ تاجر رضاکارانہ طور پر رجسٹریشن کروا سکیں ۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے اس مقصد کے لیے مختصر اور آسان رجسٹریشن فارم تیار کیا ہے، جس میں دکاندار، دکان، کاروبار کی نوعیت اور سالانہ فروخت سے متعلق بنیادی معلومات فراہم کرنا ہوں گی ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پشاورہائیکورٹ:افسران کو مفت بجلی سہولت معطل کئے جانے کا حکومتی نوٹیفکیشن معطل
حکام کا کہنا ہے کہ یہ فارم اردو سمیت مختلف علاقائی زبانوں میں بھی دستیاب ہوگا تاکہ ملک بھر کے تاجر آسانی سے اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں ۔ اس اسکیم کے تحت رجسٹریشن کا عمل آن لائن اور آف لائن دونوں صورتوں میں مکمل کیا جا سکے گا ۔
دکاندار ایف بی آر کے ویب پورٹل کے ذریعے گھر بیٹھے رجسٹریشن کرا سکیں گے جبکہ قریبی ٹیکس دفاتر سے بھی اس سہولت سے استفادہ کیا جا سکے گا ۔
حکام کے مطابق رجسٹریشن کا عمل مختصر رکھا گیا ہے اور اسے چند منٹوں میں مکمل کرنے کی کوشش کی جائے گی ۔
اسکیم میں شمولیت اختیار کرنے والے تاجروں کو ابتدائی طور پر 25 ہزار روپے فیس ادا کرنا ہوگی، جبکہ غلط معلومات فراہم کرنے یا ٹیکس ادائیگی میں غفلت برتنے کی صورت میں 10 ہزار سے 50 ہزار روپے تک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:مٹی کے تیل کی قیمت میں اضافہ، پٹرول سستا جبکہ ڈیزل کی قیمتیں برقرار
حکومت کا کہنا ہے کہ اس نظام کے تحت رجسٹرڈ دکانداروں کے آڈٹ کے معاملات محدود رکھے جائیں گے تاکہ غیر ضروری دباؤ سے بچا جا سکے اور کاروباری ماحول کو بہتر بنایا جا سکے ۔



