حالات مزید خراب ہوئے تو ایمرجنسی لگ سکتی ہے،وزیراعظم فیصل راٹھور

اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل)وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور کا کہنا تھا کہ ریاست میں افراتفری نہیں چاہتے مگر ایکشن کمیٹی کی ہٹ دھرمی نہ چھوڑی تو قانون کے مطابق نمٹنا ناگزیر ہوچکا۔

فیصل ممتاز راٹھور نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آزادکشمیر کسی افراتفری کا متحمل نہیں ہوسکتا۔اگر حالات مزید خراب ہوئے تو ایمرجنسی لگ سکتی ہے۔

وزیراعظم آزادکشمیر فیصل ممتاز راٹھور کا مزید کہنا تھا کہ آزاد کشمیرمیں انتشار ناقابل فہیم ہمارا ازلی دشمن بھارت موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ریاست پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کرتا ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پلندری ، عوامی ایکشن کمیٹی کا پولیس چوکی پر حملہ، متعدد اہلکار یرغمال بنا لئے

فیصل ممتاز راٹھور کا کہنا تھا کہ کالعدم ایکشن کمیٹی بلیک میلنگ کی سیاست کررہی ہے، ہر بار مطالبات تسلیم ہونے کے بعد نئے مطالبات سامنے لے آتی رہی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے کی کسی صورت اجازت نہیں دی جا سکتی ،حکومت ریاستی نظام کو مفلوج کرنے کی ہر کوشش کا قانونی دائرے میں رہتے ہوئے مقابلہ کرے گی۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہاکہ آزاد کشمیر کے حقوق اور مراعات کا دیگر علاقوں سے منصفانہ موازنہ کیا جانا چاہیے۔

فیصل ممتاز راٹھور نے دعویٰ کیا کہ گلگت بلتستان کے وزرا کی تنخواہیں آزاد کشمیر کے وزرا سے کئی گنا زیادہ ہیں لیکن پھر بھی کہا جاتا کہ ہم کوئی زیادہ مراعات لے رہے ہیں۔

فیصل ممتاز راٹھور کا مزید کہنا تھا کہ حکومت مذاکرات پر یقین رکھتی ہے تاہم ریاستی اداروں اور نظامِ حکومت کو مفلوج کرنے کی ہر گز کسی کو بھی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

وزیراعظم آزادکشمیر فیصل راٹھور سے سینیئر صحافی عمار مسعود، اینکر خواجہ اے متین، ڈائریکٹر نیوز جی ٹی وی قیوم بخاری، ڈائریکٹر نیوز سچ ٹی وی حنیف قمر، رضوان عباسی، رئیس احمد خان اور غلام مصطفیٰ ہاشمی نے ملاقات کی

مزید یہ بھی پڑھیں:سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز اور تصاویر پرانی، مواد شیئر کر کے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش

وزیراعظم نے کہاکہ ایکشن کمیٹی کی جانب سے حکومتی قیادت کے خلاف نامناسب زبان استعمال کی جا رہی ہے، جو سیاسی اور جمہوری روایات کے منافی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ موجودہ صورتحال پر غور کیلئے آج اسلام آباد زرداری ہاؤس میں پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کیا گیا ہے، جہاں مشاورت کی جائےگی۔