وزیراعظم آزاد کشمیر سے ورلڈ کشمیر فورم کے وفد کی ملاقات، سیاحت اور سرمایہ کاری پر گفتگو

وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر افتخار گیلانی سے ورلڈ کشمیر فورم کے چیئرمین ڈاکٹر حاجی محمد رفیق پردیسی کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی ہے۔

وفد میں ورلڈ کشمیر فورم کے سیکرٹری جنرل شیخ راشد عالم، رفیق سلمان، حسنین پردیسی سمیت دیگر عہدیداران اور نمائندگان شامل تھے، جبکہ اس موقع پر پرنسپل سیکرٹری سردار عدنان خورشید اور سیکرٹری سیاحت انصر یعقوب بھی موجود تھے۔ ملاقات میں کشمیر کاز، آزاد کشمیر میں سیاحت کے فروغ، سرمایہ کاری کے مواقع اور نجی شعبے کے تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

سیاحت کا فروغ اور نجی شعبے کی حوصلہ افزائی:

وزیراعظم افتخار گیلانی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر میں سیاحت کے فروغ، نجی شعبے کی سرمایہ کاری اور خطے کے قدرتی وسائل سے بھرپور استفادہ حکومت کی بنیادی ترجیحات میں شامل ہے۔ حکومت سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی اور ان کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی، تاکہ خطے کے وسیع تر سیاحتی پوٹینشل کو بروئے کار لاتے ہوئے سیاحت کو معاشی ترقی، روزگار کے نئے مواقع اور مقامی معیشت کے استحکام کا اہم ذریعہ بنایا جا سکے۔ انہوں نے اعادہ کیا کہ سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول فراہم کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: دیوان چغتائی اور امتیاز عباسی کی افتخار گیلانی کو وزارتِ عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد

مسئلہ کشمیر اور ورلڈ کشمیر فورم کا کردار:

وزیراعظم نے کہا کہ ڈاکٹر حاجی محمد رفیق پردیسی نے طویل عرصے سے کشمیریوں کی آواز کو مؤثر انداز میں بلند کرنے اور مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے میں قابلِ قدر کردار ادا کیا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے ورلڈ کشمیر فورم کے زیر اہتمام یومِ دفاعِ پاکستان پر اسلام آباد سے نیلم کیرن تک نکالی جانے والی ریلی کا خصوصی ذکر کرتے ہوئے اس اقدام کو سراہا۔ ڈاکٹر حاجی محمد رفیق پردیسی نے وزیراعظم آزاد کشمیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور تحائف بھی پیش کیے۔