چوہدری یٰسین کی بے وفائی، ڈسٹرکٹ کونسلر راجہ مزمل خان پیپلز پارٹی چھوڑ گئے

چڑہوئی(کشمیر ڈیجیٹل)چوہدری کی طرف سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل نہ ہونے پر دیرینہ ساتھی راجہ مزمل خان نے 30سالہ رفاقت توڑنے کا اعلان کردیا۔

ڈسٹرکٹ کونسلر راجہ مزمل خان نے صدر پیپلزپارٹی چوہدری یٰسین کی بے وفائی دیکھتے ہوئے اپنے ساتھیوں سمیت پاکستان پیپلز پارٹی چھوڑنے کا اعلان کردیا۔

اہم پریس کانفرنس میاں محمد بخش رجسٹرڈ پریس کلب چڑہوئی میں منعقد ہوئی، جس میں مختلف سیاسی جماعتوں، سماجی حلقوں، صحافیوں اور معززینِ علاقہ نے شرکت کی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:کابینہ اجلاس، فیلڈ مارشل عاصم منیر کو خراج تحسین ،سفارتی کوششوں کی حمایت میں قرارداد منظور

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے راجہ مزمل خان کا کہنا تھا کہ ساتھیوں سے مشاورت کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی سے علیحدگی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاست میں ان کا بنیادی مقصد ہمیشہ عوامی خدمت، علاقے کی ترقی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی کردار ادا کرنا رہا ہے۔

راجہ مزمل خان نے کہا کہ عوام سے مختلف وعدے کئے گئے تھے اور علاقے کی ترقی و خوشحالی کے حوالے سے کئی توقعات وابستہ تھیں۔ تاہم بدقسمتی سے ان وعدوں اور اہداف کو مطلوبہ انداز میں پورا نہیں کیا جا سکا۔

انہوں نے کہا کہ ایک عوامی نمائندے کے طور پر وہ اپنے ووٹرز اور عوام کے سامنے خود کو جوابدہ سمجھتے ہیں، اسی لیے انہوں نے حالات کا جائزہ لینے اور عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:امن خراب کرنے کی کوشش کی تو قانون کیمطابق کارروائی ہو گی، آزادکشمیر حکومت

انہوں نے مزید کہا کہ ان شاء اللہ جلد ہی اپنے ساتھیوں اور سیاسی رفقاء کے ساتھ مزید مشاورت کے بعد آئندہ سیاسی لائحہ عمل اور نئے فیصلے کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ مستقبل میں بھی عوامی مفادات، علاقے کی تعمیر و ترقی اور بنیادی مسائل کے حل کو اپنی سیاست کا محور بنائے رکھیں گے۔

سیاسی و سماجی حلقوں نے راجہ مزمل خان کے اس فیصلے کو علاقے کی سیاست میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے، جبکہ ان کے آئندہ سیاسی اعلان کے حوالے سے مختلف قیاس آرائیاں بھی کی جا رہی ہیں۔

پریس کانفرنس کے اختتام پر شرکاء نے علاقے کی ترقی، عوامی فلاح و بہبود اور مثبت سیاسی روایات کے فروغ کے لیے مشترکہ جدوجہد کی ضرورت پر زور دیا۔