طلال چوہدری

کئی لوگ اپنا بغض محسن نقوی پر نکالتے ہیں، شاید انکی توقعات وزیر داخلہ سے پوری نہیں ہوتیں، طلال

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما، وزیر مملکت داخلہ سینیٹر طلال چوہدری نے کہا ہے کہ کئی لوگ اپنا بغض وزیر داخلہ محسن نقوی پر نکالتے ہیں جبکہ بعض لوگوں کی توقعات شاید وزیر داخلہ سے پوری نہیں ہوتیں، اس لیے وہ تنقید کرتے ہیں۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہاکہ صوبوں کی بات کب سے ہورہی تھی، اب محسن نقوی نے نئے صوبوں کی بات کی ہے تو طوفان اٹھایا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:انتظامی نظام کو آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے ’ری سیٹ‘ کرنے کی ضرورت ہے: محسن نقوی

انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی سے زیادہ حکومت کا تسلسل کسی اور کو نہیں ملا۔ پیپلز پارٹی صوبوں کے معاملے پر نہ اکیلے فیصلہ کرسکتی ہے اور نہ ہی اسے مسترد کرسکتی ہے۔

طلال چوہدری نے کہاکہ ہماری جماعت میں کوئی فرد نہیں بلکہ پارٹی فیصلہ کرے گی۔ نہ جانے پیپلز پارٹی کو کیا خوف ہے، نئے صوبوں کے معاملے پر یہ کیوں نہیں کہتے کہ اس پر بات ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کے بارے میں ابھی نہ سوچا جائے کہ وہ صوبوں کے معاملے پر کہاں کھڑی ہے۔

طلال چوہدری نے سندھ کے معاملے پر بنائے جانے والے بیانیے پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ یہ ذات کی اجارہ داری کا معاملہ ہے یا عوامی خدمت کا؟

پی ٹی آئی لانگ مارچ سے متعلق سوال پر مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے کہا کہ کسی یلغار کرنے والے کو ڈیل یا ڈھیل نہیں ملے گی بلکہ سختی سے نمٹا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: توہین عدالت کا جواب وزیر قانون یا وزیر اطلاعات نہیں، وزیر داخلہ دینگے،رانا ثناء اللہ

انہوں نے کہاکہ وزیر داخلہ ایک ایک چیز میں وزیراعظم کو فالو کرتے ہیں۔

عمران خان کی اسپتال منتقلی سے متعلق سوال پر طلال چوہدری نے کہا کہ اڈیالہ جیل کے سارے قیدی ہی یہی چاہتے ہیں کہ انہیں اسپتال لے جایا جائے۔