آزادکشمیر کابینہ،بیلداران،ایڈھاک وعارضی ملازمین کی مستقلی کیلئے قانون سازی سمیت درجنوں منصوبے منظور

مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل)آزاد جموں و کشمیر کابینہ نے گریڈ 1 کے بیلداران کو مستقل کرنے ،نارمل بجٹ کی پوسٹوں پر تعینات ایڈہاک ،عارضی اور کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کرنے کیلئے اسمبلی میں قانون سازی کرنے کی منظوری دی گئی

،ڈی ایف سی کی پوسٹ کو اپگریڈ کرنے ،تعلیمی پیکیج محکمہ سکولز میں ترامیم ، جاری کفایت شعاری پالیسی کو 13 جون تک توسیع کرنے ، آسان کاروبار ایکٹ ، ایگریکلچر پیسٹی ساںٔیڈ ایکٹ کی منظوری دے دی ۔

کابینہ نے کریمنل ایکٹ 2024 میں ترامیم ،جنڈالہ تحصیل سماہنی میں قبرستان کےلیے خالصہ سرکار ، گاؤں پلاک تحصیل اسلام گڑھ میں متاثرین منگلا و مہاجرین کےلیے رقبہ جنگل کی فراہمی و متبادل رقبہ کی بھی منظوری دی ۔

کابینہ نے چیئرمین ماحولیاتی ٹربیونل اورچیئرمین ایپلائنٹ ٹریبونل MDAکے اختیارات کی ڈسٹرکٹ وسیشن جج کو منتقلی کی بھی منظوری دی ۔

آزاد جموں و کشمیر کابینہ کا 41واں اجلاس وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کی زیر صدارت وزیراعظم ہاؤس مظفرآباد میں منعقد ہوا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:عوامی ایکشن کمیٹی کی کال سے قبل بڑا سکیوٹی پلان، 14 ہزار اہلکار طلب

اجلاس میں کابینہ اراکین، چیف سیکرٹری آزاد کشمیر، انسپکٹر جنرل پولیس آزاد کشمیر اور مختلف محکموں کے سیکرٹریز نے شرکت کی۔

کابینہ اجلاس میں چیف سیکرٹری نے جموں و کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے ساتھ ہونے والے معاہدے پر عملدرآمد کے حوالے سے بریفنگ دی، جبکہ انسپکٹر جنرل پولیس آزاد کشمیر نے لا اینڈ آرڈر کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔

اجلاس میں کابینہ کے 40ویں اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کرتے ہوئے ان پر عملدرآمد کا جائزہ بھی لیا گیا۔کابینہ نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال کے تناظر میں کفایت شعاری اقدامات میں 13 جون تک توسیع کی منظوری دی۔

اجلاس میں ایڈہاک، عارضی اور کنٹریکٹ ملازمین جو نارمل پوسٹس پر تعینات ہیں، کو ریگولر کرنے کے لیے قانون سازی کا فیصلہ کیا گیا۔ کابینہ نے چیئرمین ماحولیاتی ٹریبونل اور چیئرمین اپیلنٹ ٹریبونل ایم ڈی اے کے اختیارات ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کو منتقل کرنے کی منظوری دی۔

اجلاس میں چھوٹے کاروبار کے فروغ کے لیے آسان کاروبار ایکٹ اور نیشنل سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائز پالیسی کی منظوری بھی دی گئی۔اجلاس میں صاف پانی کی فراہمی کے لیے آزاد کشمیر ڈرنکنگ واٹر پالیسی 2026 کی منظوری دی گئی۔۔

جو یونیسیف اور وفاقی وزارت موسمیاتی تبدیلی کے تعاون سے تیار کی جائے گی۔ کابینہ نے ترقیاتی پراجیکٹس میں پوسٹوں کی تخلیق/ کیلئے پی سی-1 کی منظوری کے بعد مالیاتی منظوری میں نرمی دینے کی بھی منظوری دی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:مہاجرین نشستوں کا معاملہ،سپریم کورٹ کا فریقین کو6جون کوپیش ہونے کاحکم

بلدیاتی اداروں کو فنڈز کی تقسیم اور فراہمی سے متعلق فیصلوں کی توثیق کی گئی۔ کابینہ نے سماہنی بھمبر جنڈالہ موضع تھاتھی میں جنازہ گاہ و قبرستان کے لیے 25 کنال 9 مرلے خالصہ سرکار اراضی کی منظوری دی۔ کابینہ نے سائبر کرائم کی روک تھام کیلئے کریمنل لاء ایکٹ 2024 میں ترمیم کی منظوری دی۔

فصلوں پر غیر معیاری ادویات کے استعمال کی روک تھام کے لیے ایگریکلچر پیسٹی سائیڈ ایکٹ کی منظوری بھی دی گئی۔زراعت، لائیوسٹاک اور آبپاشی کے شعبوں میں بہتری کے لیے جامع 5 سالہ ایگریکلچر، لائیوسٹاک اور ایریگیشن روڈ میپ (2031 -2026) کی منظوری دی گئی۔

گاؤں پلاک، تحصیل اسلام گڑھ ضلع میرپور میں منگلا ڈیم متاثرین کی آبادکاری کیلئے محکمہ جنگلات کی 195 کنال 11 مرلے اراضی کی منظوری بھی دی گئی۔کابینہ نے گریڈ 1 کے 878 بیلداروں کو مستقل کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔

۔ محکمہ تعلیم کے تحت سکولز ایجوکیشن پیکج میں پوسٹوں کی ری ایڈجسٹمنٹ، بعض اداروں کی اپگریڈیشن اور کچھ سکولوں میں پوسٹس کی تبدیلی کے حوالے سے ترمیم کی منظوری بھی دی گئی۔

مزید برآں، کابینہ نے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر کی پوسٹوں کو یکم جولائی سے گریڈ 17 میں اپگریڈ کرنے کی منظوری دی، جبکہ آزاد جموں و کشمیر بینک کے صدر کی تقرری سے متعلق سابقہ ترمیم کو ختم کرکے پہلے سے موجود طریقہ کار بحال رکھنے کی منظوری بھی دی گئی۔