امریکا کے ایران کے فوجی تنصیبات پر حملے، ایران کا بھرپور جوابی وار

امریکا کی جانب سے ایرانی جزیرے قشم میں فوجی تنصیبات پر حملے کیے گئے جس کے بعد پاسداران انقلاب نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے امریکی اڈوں کو نشانہ بنایا ہے۔

امریکی سینٹرل کمانڈ( سینٹ کام) نے ایرانی جزیرے قشم میں فوجی تنصیبات پر حملوں کا دعویٰ کیاہے۔

یہ بھی پڑھیں:ایران کی دھمکی کام کرگئی، ٹرمپ کا نیتن یاہو سے رابطہ، لبنان پر حملوں سے روک دیا

امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق امریکی فورسز نے ا یرانی جزیرے قشم پر حملے کیے، حملے ایران کی جانب سے میزائل و ڈرون حملوں کے جواب میں کیے۔ امریکی فورسز نے جزیرہ قشم میں ایرانی فوجی تنصیب کو نشانہ بنایا۔

سینٹرل کمانڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ امریکی فورسز نے ایرانی بیلسٹک میزائل اور ڈرون حملے ناکام بنا دئیے، امریکی فورسز نے متعدد ایرانی میزائل اور ڈرون مار گرائے۔

سینٹرل کمانڈ کا کہنا ہے کہ ایران نے بیلسٹک میزائل ہمسایہ ممالک کی طرف داغے، ہدف پر نہ لگ سکے، کویت پر داغے گئے 2 میزائل راستے میں گرگئے۔

امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق بحرین پر داغے گئے 3 میزائل امریکا اور بحرین فورسز نے مار گرائے۔ ایران نے 3 ڈرون حملے بحری جہازوں پر کیے جنہیں ناکام بنادیا۔

ادھر ایرانی پاسداران انقلاب نے امریکی اہداف پر میزائل اور ڈرون حملوں کا دعویٰ کیا ہے۔

پاسداران انقلاب کا کہنا ہےکہ جزیرہ قشم میں کمیونیکیشن ٹاور پرامریکا نے حملہ کیا جس کے جواب میں امریکی اڈوں کونشانہ بنایا۔

ایرانی میڈیا کے مطابق پاسداران نے امریکی ففتھ فلیٹ ہیڈکوارٹر، ائیربیس اور ہیلی کا پٹروں کو نشانہ بنایا۔ پاسدارانِ کے مطابق کارروائی امریکی حملوں کے جواب میں کی۔

یہ بھی پڑھیں:فیلڈ مارشل عاصم منیر نے مذاکرات کیلئے بہترین کردار ادا کیا، ایرانی سفیر

ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ پاسداران نے آبنائے ہرمز کے قریب ایرانی آئل ٹینکر پر حملے کےبعد ایک جہاز کو میزائلوں سے نشانہ بنایا۔

ایرانی میڈیا کے مطابق پاسداران انقلاب نے کہا آبنائے ہرمز کی سکیورٹی متاثرکرنے کی قیمت امریکا کو چکاناہوگی۔