وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کی میزبانی میں آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد آج بروز بدھ دن گیارہ بجے وزیرِ اعظم ہاؤس مظفرآباد میں ہو گا ۔
جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی طرف سے مہاجرین نشستوں کے خاتمے کے مطالبہ پر اور معاملہ کا حل نکالنے کیلئے آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مذاکرات جاری،مہاجرین نشستوں پر اے پی سی طلب کی جائے گی،طارق فاروق
ذرائع کے مطابق آل پارٹیز کانفرنس میں الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ 16 میں سے 12 جماعتوں کی 31 نامور شخصیات اور عوامی ایکشن کمیٹی کے ممبران کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے ۔
قبل ازیں وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور اور پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری محمد یاسین کے درمیان ایوان وزیراعظم میں ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر موسٹ سینئر وزیر میاں عبدالوحید، وزراء حکومت سید بازل علی نقوی، جاوید اقبال بڈھانوی اور معاون خصوصی مبشر منیر اعوان بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد، آئندہ انتخابات کے حوالے سے جماعت کی حکمت عملی، ایکشن کمیٹی کے ساتھ معاملات یکسو کرنے اور تنظیمی امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اس موقع پر تمام وزراء نے وزیراعظم اور صدر جماعت کو اپنی اپنی تجاویز پیش کیں۔
وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ پیپلز پارٹی آزاد کشمیر عوام کی سب سے بڑی نمائندہ جماعت ہے اور آئندہ انتخابات میں عوامی خدمت، بہتر طرز حکمرانی اور ترقیاتی ایجنڈے کی بنیاد پر بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی کارکردگی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے اٹھائے گئے عملی اقدامات پارٹی کی انتخابی مہم کا اہم حصہ ہوں گے۔
چوہدری محمد یاسین نے کہا کہ جماعت کو نچلی سطح تک مزید فعال اور منظم بنایا جائے گا تاکہ کارکنوں اور عوام کے درمیان رابطے کو مضبوط کیا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: مظاہرین کو ٹھنڈا پانی پیش کریں گے ، وزیراعظم نے ایکشن کمیٹی کو بڑی پیشکش کردی
انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکنان ہی جماعت کا اصل سرمایہ ہیں اور ان کی مشاورت اور تجاویز کو ہر سطح پر اہمیت دی جائے گی۔
ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ آئندہ انتخابات کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کی جائے گی، پارٹی تنظیموں کو مزید متحرک بنایا جائے گا اور عوامی مسائل کے حل کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پیپلز پارٹی آزاد کشمیر عوامی اعتماد پر پورا اترتے ہوئے خطے کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے اپنا کردار مزید مؤثر انداز میں ادا کرے گی۔




