ووٹ ملے نہ ملے گلگت بلتستان میں سہولیات فراہم کروں گا ،نواز شریف کا جلسے سے خطاب

قائد مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف نے گلگت میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ووٹ ملے نہ ملے، وہ گلگت بلتستان میں سہولیات فراہم کریں گے۔

قائد مسلم لیگ (ن) نے واضح کیا کہ وہ کسی پر تنقید کر کے نہیں بلکہ ہمیشہ اپنی کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ مانگتے ہیں اور وہ یہاں ووٹ مانگنے نہیں بلکہ گلگت بلتستان کے مسائل کے حل کے لیے آئے ہیں۔ گلگت بلتستان کے عوام کو دیکھ کر انہیں جلسے میں شرکت پر دلی خوشی ہوئی ہے کیونکہ انہیں اس خطے سے دلی محبت ہے۔

سابق وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ جب وہ وزیر اعظم تھے تو کئی بار گلگت اور سکردو گئے تھے، تاہم اب گلگت بلتستان کی جانب آنے والی سڑکوں کا برا حال ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ کسی سیاسی پارٹی یا حکومت کے خلاف بات کرنے نہیں آئے، لیکن وہ یہ پوچھنا چاہتے ہیں کہ گلگت بلتستان کو نظر انداز کیوں کیا گیا؟ انہوں نے یاد دلایا کہ ان کے دورِ حکومت میں گلگت اور ملحقہ علاقوں میں بہترین شاہراہیں بچھائی گئی تھیں اور 50 ارب روپے کی لاگت سے گلگت سے سکردو تک سڑک کی تعمیر کی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: گلگت بلتستان میں انتخابی مہم عروج پر؛محمد نواز شریف اہم ترین دورے پر گلگت پہنچ گئے

نواز شریف نے سوال اٹھایا کہ ان کی حکومت کی جانب سے شروع کیے گئے ہائیڈل پاور منصوبے اب تک مکمل کیوں نہیں ہوئے؟ اور گلگت ایئرپورٹ کو جدید خطوط پر استوار کیوں نہیں کیا گیا؟ انہوں نے مزید کہا کہ جو ٹنل گزشتہ 70 برس سے التوا کا شکار تھی، ان کی حکومت نے اربوں روپے خرچ کر کے اس منصوبے کو مکمل کیا۔

نواز شریف نے شرکاء کو بتایا کہ انہوں نے ملک بھر میں موٹر وے کا جال بچھایا اور لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا۔ انہوں نے موجودہ وزیر اعظم شہباز شریف کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف نے سولر منصوبوں کے ذریعے گلگت بلتستان میں توانائی کے بحران کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ شہباز شریف اور مریم نواز بھی گلگت بلتستان کا دورہ کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ وزیر اعظم شہباز شریف سے خنجراب پاس تک سڑکوں کے نیٹ ورک کی بہتری کے حوالے سے بات کریں گے، کیونکہ گلگت بلتستان سی پیک کا اہم مرکز ہے اور اس خطے کی ترقی قومی ترقی کے لیے بھی ضروری ہے۔

مزید پڑھیں: نوازشریف کا دورہ مظفرآباد، تیاریاں جاری،فراز عارف نے کمیٹیاں تشکیل دیدیں

خطاب کے دوران قائد مسلم لیگ (ن) نے عزم ظاہر کیا کہ اگر ان کی حکومت بنتی ہے تو وہ ہر دوسرے ماہ یہاں آئیں گے اور اب جو منصوبے شروع ہوں گے ان کی نگرانی وہ خود کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تقریباً ڈیڑھ لاکھ لوگوں کو پنجاب میں گھر مل رہے ہیں، جبکہ گلگت کے نوجوانوں کو بھی کاروبار کے لیے بلا سود قرضے ملنے چاہئیں۔ انہوں نے موقع پر موجود ہونہار طلبہ کو اسکالرشپس اور لیپ ٹاپ فراہم کرنے، نوجوانوں کے لیے بلا سود قرضوں کے اجراء اور روزگار کے مواقع بڑھانے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔