شدید گرمی میں ہیلتھ ورکرز کا احتجاج جاری، کئی خواتین ملازمین بے ہوش،سی ایم ایچ منتقل کر دیا

آزاد جموں و کشمیر کے محکمہ صحت کے ملازمین نے حکومت کے لیے ایک نیا اور بڑا چیلنج کھڑا کر دیا ہے۔ ہیلتھ ورکرز نے واضح اعلان کیا ہے کہ اگر ان کے جائز مطالبات فوری طور پر تسلیم نہ کیے گئے تو وہ 4 جون 2026ء سے دارالحکومت مظفرآباد میں مستقل اور لامتناہی دھرنا شروع کر دیں گے۔

محکمہ صحت کے مرد و خواتین ملازمین گزشتہ کئی روز سے جلسا دینے والی دھوپ اور شدید گرمی کے باوجود اپنے حقوق کے لیے سڑکوں پر سراپا احتجاج ہیں۔ مظاہرین حکومت اور وزیرِ صحت کے خلاف شدید نعرے بازی کر رہے ہیں۔ آج احتجاج کے دوران شدید تپش اور گرمی کے باعث کئی خواتین اور مرد ملازمین کی حالت غیر ہو گئی اور وہ سڑک پر ہی بے ہوش ہو کر گر پڑے۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر: ڈڈیال کے ہیلتھ ورکرز کا حکومت کیخلاف احتجاج، سڑکوں پر نکل آئے

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کا عملہ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچا، جہاں متاثرہ ملازمین کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد ریسکیو کی گاڑیوں کے ذریعے فوری طور پر سی ایم ایچ (CMH) مظفرآباد منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

ہیلتھ ورکرز کا کہنا ہے کہ وہ اپنے مطالبات کی منظوری کے لیے گزشتہ کئی سالوں سے پرامن جدوجہد اور احتجاج کر رہے ہیں، لیکن حکومت اور متعلقہ حکام کی مسلسل غفلت، سرد مہری اور نظرانداز کیے جانے کے باعث وہ سڑکوں پر آنے پر مجبور ہوئے ہیں۔ مظاہرین نے عزم کا اظہار کیا کہ جب تک ان کے تمام جائز اور قانونی مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے، ان کی یہ احتجاجی تحریک کسی صورت ختم نہیں ہوگی۔

دوسری جانب، احتجاجی کیمپ میں بیٹھے ملازمین کو شدید گرمی کی وجہ سے سنگین ہیلتھ ایشوز کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جس پر شرکاء نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس سنگین صورتحال کا فوری نوٹس لے کر معاملے کو حل کرے۔