بلوچستان کا امن اور خوشحالی ریاست کی کوششوں کا مرکزی محور ہے، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر

چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام کا امن، خوش حالی اور فلاح و بہبود ریاست کی کوششوں کا مرکزی محور ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کوئٹہ گیریژن کا دورہ کیا اور فیلڈ فارمیشنز کے کمانڈرز اور کمانڈنگ افسران سے ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کو بلوچستان کی مجموعی سیکیورٹی کی صورت حال، آپریشنل تیاریوں اور صوبے میں امن و استحکام برقرار رکھنے کیلئے جاری اقدامات پر جامع بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر ادارہ جاتی رابطہ کاری اور بلوچستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے تعاون سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پاک فوج ہمارا فخر، کشمیری عوام دفاع وطن کیلئے شانہ بشانہ کھڑی ہے ،طارق فاروق

چیف آف ڈیفنس فورسز نے جوانوں کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں، آپریشنل تیاری اور بے لوث عزم کو سراہا ۔

فیلڈ مارشل نے امن کے استحکام اور معاشی سرگرمیوں و ترقی کیلئے سازگار ماحول برقرار رکھنے ، قانون نافذ کرنیوالے اداروں اور دیگر ریاستی اداروں کے درمیان مسلسل اور مؤثر رابطہ کاری کی اہمیت پر زور دیا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کا امن، خوشحالی اور فلاح و بہبود ریاست کی کوششوں کا مرکزی محور ہے۔

مستحکم اور محفوظ ماحول صوبے میں ترقیاتی منصوبوں، معاشی مواقع اور عوام کے بہتر مستقبل کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوگا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر کابینہ:8وزراء کو محکموں کے قلمدان تفویض، نوٹیفکیشن جاری

چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے شہدا کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور فرائض کی انجام دہی میں افسران اور جوانوں کی ثابت قدمی اور لگن کو سراہا۔

قبل ازیں کوئٹہ پہنچنے پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کا استقبال کمانڈر کوئٹہ کور نے کیا۔