پاکستان سے سیریز، آسٹریلیا کو بڑا دھچکا،مچل مارش انجری کا شکار

پاکستان کے خلاف آئندہ ون ڈے سیریز سے قبل آسٹریلیا کو بڑا دھچکا لگا ہے جب آل راؤنڈر مچل مارش ٹخنے کی انجری کے باعث سیریز سے باہر ہوگئے۔

ان کی عدم دستیابی کے بعد وکٹ کیپر بیٹر جوش انگلس کو پاکستان کے خلاف 3 میچوں کی ون ڈے سیریز کے لیے آسٹریلوی ٹیم کا کپتان مقرر کر دیا گیا ہے۔ سیریز کا آغاز 30 مئی سے راولپنڈی میں ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں:ویرات کوہلی کی اوچھی حرکت ، آسٹریلین کرکٹر اور اہلیہ کو دھمکیاں ملنے لگیں

کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق مچل مارش مزید طبی معائنے اور علاج کے لیے پرتھ میں ہی قیام کریں گے۔

مارش حالیہ آئی پی ایل سیزن میں شاندار فارم میں تھے جہاں انہوں نے 13 میچز میں 563 رنز بنائے اور ان کا اسٹرائیک ریٹ 163.18 رہا۔ ان کی بنگلہ دیش کے خلاف آئندہ وائٹ بال سیریز میں شرکت بھی تاحال غیر یقینی ہے۔

اس طرح مارش آسٹریلیا کے ان بڑے کھلاڑیوں میں شامل ہوگئے ہیں جو پاکستان سیریز میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔

علاوہ ازیں فاسٹ بولرز پیٹ کمنز، جوش ہیزل ووڈ اور مچل اسٹارک بھی اسکواڈ کا حصہ نہیں ہیں۔ آسٹریلوی اسکواڈ میں جوش انگلس (کپتان)، الیکس کیری، کیمرون گرین، مارنس لبوشین، ایڈم زمپا، میتھیو رینشا اور دیگر کھلاڑی شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:ورلڈکپ سے قبل قومی ٹیم میں کونسی بڑی تبدیلیاں لائی جائینگی، ہیڈکوچ نے بتادیا

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ون ڈے 30 مئی کو راولپنڈی جبکہ دوسرا اور تیسرا میچ 2 اور 4 جون کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔ اس سیریز کے بعد آسٹریلوی ٹیم بنگلہ دیش کا دورہ کرے گی جہاں وہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز میں حصہ لے گی۔