مال مفت دل بے رحم،سرکاری ملازمین گھروں کو روانہ ،لائٹیں بند کرنا بھول گئے

مظفرآباد:عیدالاضحیٰ کی چھٹیوں کے آغاز کے ساتھ ہی دارالحکومت مظفرآبادکے سرکاری ملازمین اپنے گھروں کو روانہ ہو گئے، مگر سرکاری دفاتر میں بجلی بند کرنا انتظامیہ بھول گئی۔

اسسٹنٹ کمشنرآفس، تحصیلدار آفس، ریونیو اسٹمپ برانچ، محکمہ ابریشم اور فوڈ اتھارٹی سمیت مختلف سرکاری دفاتر کے باہر لائٹس دیگر برقی آلات مسلسل چلتے رہےجبکہ دفاتر مکمل طور پر بند پڑے تھے۔

یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر :ہیلتھ ملازمین ایک بار پھر سڑکوں پر، احتجاج جاری رکھنے کا اعلان

ایک جانب شہری بدترین لوڈشیڈنگ، مہنگی بجلی اور بلوں کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں، دوسری جانب سرکاری دفاتر میں قومی خزانے کی بجلی بے دریغ جلانے کا سلسلہ جاری ہے۔

شہریوں نے سوال اٹھایا ہے کہ کیا بجلی بچت مہم صرف عوام کیلئے ہے؟شہری حلقوں نے چیف سیکرٹری آزاد کشمیر اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ عید تعطیلات کے دوران سرکاری دفاتر میں بجلی کے ضیاع کا نوٹس لیا جائے اور غفلت کے مرتکب اہلکاروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔

یاد رہے کہ آزادکشمیر میں بجلی بحران کی وجہ سے کئی شہروں میں گھنٹوں بجلی دستیاب نہیں ہوتی لیکن سرکاری دفاتر میںمیں بجلی کا بے دریغ استعمال کیا جاتا ہے کیونکہ انکا بل قومی خزانہ سے جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر ،گریڈ1کے سیکڑوں ایڈہاک وعارضی ملازمین مستقل، صدارتی آرڈیننس جاری

آزادکشمیر میں آئے روز سرکاری ملازمین حقوق کیلئے احتجاج کرتے ضرور نظر آتے ہیں لیکن عملی طور پر فرائض سرانجام دینے میں کوتاہی دکھاتے ہیں۔