موبائل بیلنس کٹوتی سے بچنے کا آسان ترین طریقہ جانیے

پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے موبائل فون صارفین کو وائرس اور غیر ضروری بیلنس کٹوتی کے نقصانات سے بچانے کے لیے انتہائی اہم اور مفید ہدایات جاری کر دی ہیں۔ پی ٹی اے کے مطابق اب صارفین ایک سادہ کوڈ کے ذریعے اپنے موبائل بیلنس کو ہمیشہ کے لیے محفوظ بنا سکتے ہیں۔

پی ٹی اے کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق، اکثر صارفین کا انٹرنیٹ یا ڈیٹا پیکیج ختم ہونے کے بعد موبائل انٹرنیٹ خود بخود ان کے مین بیلنس سے چلنا شروع ہو جاتا ہے، جس کے باعث سیکنڈوں میں سارا بیلنس اڑ جاتا ہے اور صارفین کو غیر متوقع مالی کٹوتی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس سنگین مسئلے سے مستقل بچانے کے لیے پی ٹی اے نے ‘بیلنس سیو’ یا ‘پی اے وائی جی (Pay As You Go) بلاکر سروس’ متعارف کرائی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں 10 ماہ کے دوران موبائل فونز کی درآمدات 1 ارب 62 کروڑ امریکی ڈالر سے تجاوز

مفت سروس اور خودکار انٹرنیٹ بلاکنگ کا طریقہ:

اتھارٹی کا کہنا ہے کہ یہ سروس فعال ہونے کے بعد جیسے ہی صارف کا انٹرنیٹ ڈیٹا بنڈل ختم یا مکمل استعمال ہوگا، موبائل انٹرنیٹ خودکار طور پر بند ہو جائے گا۔ انٹرنیٹ بند ہونے کی وجہ سے صارف کا ہارڈ کیش بیلنس محفوظ رہے گا اور پیکیج کے بغیر انٹرنیٹ نہیں چلے گا۔ ترجمان پی ٹی اے کے مطابق یہ سہولت ملک میں کام کرنے والے تمام موبائل نیٹ ورکس پر بالکل مفت اور بغیر کسی اضافی چارجز کے دستیاب ہے۔

تمام نیٹ ورکس کے مخصوص کوڈز کی تفصیلات:

پی ٹی اے نے تمام موبائل صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے متعلقہ نیٹ ورک کا مخصوص یو ایس ایس ڈی (USSD) کوڈ ڈائل کر کے یہ سروس فوری فعال کریں۔ اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ کوڈز درج ذیل ہیں:

  • جاز (Jazz) صارفین: *275# ڈائل کریں
  • زونگ (Zong) صارفین: *4004# ڈائل کریں
  • یوفون (Ufone) صارفین: *6611# ڈائل کریں
  • ٹیلی نار (Telenor) صارفین: *342# ڈائل کریں

واضح رہے کہ پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ شہری غیر ضروری کٹوتیوں سے محفوظ رہنے کے لیے اپنے فونز پر یہ بیلنس سیو سروس ضرور فعال کریں۔

مزید پڑھیں: آپ کا واٹس ایپ اکاؤنٹ بند ہوسکتا ہے؟ پی ٹی اے نے موبائل سمز سے متعلق اہم الرٹ جاری کر دیا