آپ کا واٹس ایپ اکاؤنٹ بند ہوسکتا ہے؟ پی ٹی اے نے موبائل سمز سے متعلق اہم الرٹ جاری کر دیا

پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ملک بھر کے واٹس ایپ صارفین کے لیے موبائل فون سمز سے متعلق ایک انتہائی اہم اور ہنگامی انتباہ جاری کیا ہے۔

پی ٹی اے کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ صارفین کی ڈیجیٹل شناخت ان کی اپنی ذمہ داری ہے، اس لیے اپنے واٹس ایپ سے منسلک غیر فعال یا غیر رجسٹرڈ سمز کی بروقت تصدیق کو ہر صورت یقینی بنائیں۔

پی ٹی اے کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری کردہ ایک خصوصی پوسٹ میں شہریوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ اگر آپ کا واٹس ایپ اکاؤنٹ کسی ایسی موبائل سم پر چل رہا ہے جو غیر فعال، بلاک، منسوخ شدہ یا غیر رجسٹرڈ ہے، تو آپ کا اکاؤنٹ جلد ہی ناقابل رسائی یعنی بند ہوسکتا ہے۔ اتھارٹی نے زور دیا ہے کہ اپنے اکاؤنٹس، اہم چیٹس، رابطوں اور اپنی ڈیجیٹل شناخت کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں موبائل سمز کی بندش کا بڑا فیصلہ، پی ٹی اے نے الرٹ جاری کر دیا

صارفین کو ہدایات دیتے ہوئے پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ وہ ہر صورت یقینی بنائیں کہ ان کا واٹس ایپ نمبر ایک فعال اور رجسٹرڈ سم پر ہی کام کر رہا ہو۔ اتھارٹی نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے اکاؤنٹ کے غیر متوقع طور پر لاگ آؤٹ ہونے کا انتظار ہرگز نہ کریں، کیونکہ موبائل نمبر محض ایک نمبر نہیں بلکہ صارف کی ڈیجیٹل شناخت بھی ہے۔

پی ٹی اے نے اس صورتحال سے بچنے کے لیے صارفین کے لیے درج ذیل تین بنیادی اور اہم ترین اقدامات تجویز کیے ہیں:

1۔ اگر ضرورت محسوس ہو تو بائیو میٹرک تصدیق اور اپنی موبائل سم کی توثیق کروانے کے لیے فوری طور پر اپنے قریبی متعلقہ نیٹ ورک کی فرنچائز یا کسٹمر سروس سینٹر سے رجوع کریں۔

2۔ اگر آپ کی موجودہ سم (جس پر واٹس ایپ بنا ہوا ہے) بند یا غیر فعال ہو چکی ہے، تو بغیر کسی تاخیر کے فوراً اپنا واٹس ایپ اکاؤنٹ کسی دوسری تصدیق شدہ اور فعال سم نمبر پر منتقل کریں۔

3۔ اس بات کو لازمی یقینی بنائیں کہ مستقبل میں بھی آپ کا واٹس ایپ نمبر صرف اور صرف ایک فعال اور قانون کے مطابق رجسٹرڈ سم سے ہی منسلک رہے۔

مزید پڑھیں: بینظیر انکم سپورٹ پروگرام: ڈائنامک سروے عارضی طور پر بند، والٹ سمز کی مفت فراہمی جاری