میرپور (کشمیر ڈیجیٹل) ڈپٹی کمشنر میرپور چوہدری ساجد حسین نے بجلی کے بڑھتے ہوئے بحران اور لوڈ مینجمنٹ کے مسائل کے پیش نظر ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے الیکٹرک چولہوں، برقی ہیٹرز اور دیگر زیادہ بجلی استعمال کرنے والی گھریلو و تجارتی اشیاء کی فروخت پر پابندی عائد کر دی ہے ۔
اس فیصلے کا اطلاق فوری طور پر کر دیا گیا ہے اور اس پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ڈپٹی کمشنر میرپور کے مطابق حالیہ دنوں میں بجلی کی طلب میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جس کے باعث ترسیلی نظام پر شدید دباؤ پڑ رہا ہے ۔
اس صورتحال میں غیر ضروری اور زیادہ بجلی خرچ کرنے والے آلات کا استعمال نہ صرف لوڈ شیڈنگ میں اضافے کا سبب بن رہا ہے بلکہ مجموعی نظام کی کارکردگی کو بھی متاثر کر رہا ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ڈپٹی کمشنر چوہدری ساجد حسین کا محکمہ برقیات کو بجلی بحالی یقینی بنانے کی ہدایت
اسی پس منظر میں یہ اقدام اٹھایا گیا ہے تاکہ دستیاب بجلی کو منصفانہ اور مؤثر انداز میں تقسیم کیا جا سکے۔ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ مذکورہ پابندی کی خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں اور سپلائرز کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جس میں جرمانے اور دیگر انتظامی اقدامات بھی شامل ہو سکتے ہیں ۔
اس مقصد کے لیے متعلقہ محکموں کو خصوصی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ مارکیٹوں میں نگرانی کو مزید سخت کریں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری ایکشن لیا جائے ۔
ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ حکومتی احکامات پر مکمل عملدرآمد کریں اور بجلی کے غیر ضروری استعمال سے گریز کریں تاکہ موجودہ بحران پر قابو پایا جا سکے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر کی باوقار شخصیت کمشنر چوہدری مختار حسین ملازمت سے سبکدوش
دکانداروں کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے تعاون کریں۔مزید کہا گیا ہے کہ یہ اقدامات عارضی نوعیت کے ہیں اور ان کا مقصد صرف بجلی کے نظام کو مستحکم بنانا اور عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے ۔




