چوہدری یٰسین

آزاد کشمیر میں آئندہ انتخابات پیپلز پارٹی بھاری اکثریت سے جیتے گی : چوہدری یٰسین

مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل)پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری محمد یٰسین نے کہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی اور پارٹی انتخابات میں اپنی کارکردگی کی بنیاد پر عوام کے سامنے جائے گی ۔

تفصیلات کے مطابق وزراء اور مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی وہ جماعت ہے جس نے ہمیشہ عوامی خدمت اور جمہوری تسلسل کو ترجیح دی ہے اور آئندہ بھی یہی پالیسی جاری رکھی جائے گی ۔

ان کا کہنا تھا کہ  جس وقت پیپلز پارٹی نے اقتدار سنبھالا تو اس وقت ریاست شدید سیاسی اور انتظامی بحران کا شکار تھی ۔

ان کے مطابق حالات اس نہج پر پہنچ چکے تھے کہ حکومتی رٹ کمزور ہو رہی تھی اور سیاسی عدم استحکام میں مسلسل اضافہ ہو رہا تھا، جس کے باعث عوامی مسائل بھی بڑھ رہے تھے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور سے چوہدری یٰسین کی اہم ملاقات، الیکشن امور پر تبادلہ خیال

چوہدری محمد یٰسین نے کہا کہ ایسے مشکل حالات میں پاکستان پیپلز پارٹی نے مختصر مدت کے لیے اقتدار سنبھال کر نہ صرف سیاسی عمل کو بحال کیا بلکہ اداروں کو بھی فعال بنانے کی کوشش کی ۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاسی عمل کے بغیر کسی بھی معاشرے میں ترقی اور استحکام ممکن نہیں ہوتا اور پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوری عمل کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لیے کردار ادا کیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی کی قیادت اور کارکنان عوامی خدمت پر یقین رکھتے ہیں اور آئندہ انتخابات میں بھی عوام کے اعتماد سے ایک بار پھر کامیابی حاصل کریں گے ۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی سیاست کا محور و مرکزعوامی مسائل کا حل، روزگار کے مواقع کی فراہمی اور خطے میں پائیدار ترقی ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:انتخابی اتحاد پر قیادت کا مشکور ،مولانا سعید یوسف،تمام حلقوں میں حکمت عملی طے کرینگے،چوہدری یٰسین

چوہدری یٰسین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پارٹی اپنی کارکردگی کی بنیاد پر عوام کے سامنے جائے گی اور ماضی کی طرح مستقبل میں بھی عوامی خدمت کے مشن کو جاری رکھا جائے گا ۔