پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں تاریخی سالگرہ کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے چینی قیادت اور عوام کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
دونوں رہنماؤں نے عزم ظاہر کیا ہے کہ پاک چین آہنی دوستی گزشتہ 75 سال میں پائیدار سفارتی روابط، لازوال محبت اور سٹریٹجک تعاون کی ایک شاندار اور بے مثال مثال بن چکی ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ گزشتہ 75 برسوں کے دوران پاک چین تعلقات باہمی اعتماد، سٹریٹجک تعاون اور ایک دوسرے کے بنیادی مفادات کے لیے غیر متزلزل حمایت کا بہترین مظہر رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ بدلتے ہوئے علاقائی اور عالمی حالات کے باوجود دونوں ممالک نے ہمیشہ مثالی یکجہتی کا مظاہرہ کیا ہے اور یہ شراکت داری خطے میں امن، استحکام اور ترقی کے لیے ایک اہم ترین ستون کی حیثیت رکھتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاک چین دوستی کے 75 سال مکمل: قومی اسمبلی میں تاریخی متفقہ قرارداد منظور
صدر آصف علی زرداری نے چینی صدر شی جن پنگ کی بصیرت انگیز قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ چین نے جدیدیت، جدت، غربت کے خاتمے اور قومی ترقی میں غیر معمولی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چین کے عالمی اقدامات جیسے گلوبل ڈویلپمنٹ، گلوبل سیکیورٹی، گلوبل سویلائزیشن اور گلوبل گورننس انیشیٹو کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ بھی کیا کہ پاکستان “ون چائنا” اصول پر مضبوطی سے کاربند ہے اور چین کے بنیادی مفادات پر اس کی حمایت جاری رکھے گا۔
سی پیک کا دوسرا مرحلہ اور مستقبل کا عزم:
صدر مملکت نے گلوبل ساؤتھ کے لیے چین کی قیادت اور مغربی ایشیا میں تنازعات کے حل کے لیے اس کے مثبت کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے اپنے حالیہ دوروں کا حوالہ دیتے ہوئے شاندار مہمان نوازی پر چین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان دوروں سے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے دوسرے مرحلے میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے، سرمایہ کاری بڑھانے اور توانائی، زراعت، ٹیکنالوجی، ماحول دوست توانائی، سیاحت اور عوامی روابط جیسے شعبوں میں نئی راہیں کھولنے کے عزم کو تقویت ملی ہے۔ دونوں ممالک اس تاریخی دوستی کو مزید بلندیوں تک لے جائیں گے۔
مزید پڑھیں: دنیا جنگل کے قانون کی طرف واپس جانے کے خطرے سے دوچار ہے، چینی صدر
دوسری طرف وزیراعظم شہباز شریف نے بھی سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ پر چین کے عوام اور قیادت کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔ وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات باہمی اعتماد، لازوال دوستی اور مخلصانہ تعاون کی ایک روشن مثال ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام چین کے لیے حقیقی طور پر عزت، احترام اور دلی محبت کے جذبات رکھتے ہیں اور دونوں ممالک نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ نبھا کر ثابت کیا ہے کہ یہ دوستی وقت گزرنے کے ساتھ مزید فولادی اور مضبوط ہوتی جا رہی ہے۔




