آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کے دفتر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (DHO) بھمبر کی جانب سے صحت عامہ کے شعبے میں سکیل 1 سے سکیل 5 تک کی مختلف مستقل آسامیوں پر تقرریوں کے لیے اشتہار جاری کر دیا گیا ہے۔ ان آسامیوں پر بھرتیاں مروجہ قواعد و ضوابط کے تحت خالصتاً اوپن میرٹ کی بنیاد پر کی جائیں گی، جس کے لیے مطلوبہ معیار پر پورا اترنے والے امیدواروں سے سادہ کاغذ پر درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔
اشتہار کے مطابق لیڈی ہیلتھ ورکر (BPS-05) کی 10 آسامیاں خالی ہیں جن کے لیے تعلیمی قابلیت میٹرک سیکنڈ ڈویژن ہونا لازمی ہے، تاہم سائنس کے ساتھ میٹرک کرنے والی امیدواروں کو ترجیح دی جائے گی۔ اسی طرح ڈرائیور (BPS-05) کی 07 آسامیاں ہیں جن کے لیے مڈل پاس ہونا، PSV لائسنس یافتہ ہونا اور 3 سالہ تجربہ ہونا لازمی شرط قرار دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: 2026میں کونسی ڈگریاں رکھنے والوں کو زیادہ نوکریاں ملیں گی؟
محکمے میں فیمیل اٹینڈنٹ (BPS-02) کی 04 اور میل اٹینڈنٹ (BPS-02) کی 10 آسامیاں بھی خالی ہیں۔ ان آسامیوں کے لیے تعلیمی معیار خواندہ اور موزونیت رکھا گیا ہے، جس کے لیے 50 نمبر کا ٹیسٹ ہوگا (25 نمبر اردو پیراگراف لکھنے اور 25 نمبر اردو پیراگراف پڑھنے کے ہوں گے)۔ اس کے علاوہ مالی (BPS-02) کی 01، سیکورٹی گارڈ (BPS-02) کی 02 اور سینیٹری ورکر (BPS-02) کی 02 آسامیوں پر بھی خواندہ اور موزوں امیدواروں کا انتخاب کیا جائے گا۔
ملازمتوں کے لیے درخواست گزار کا ریاست کا باشندہ درجہ اول ہونا لازمی ہے اور ہر آسامی کے لیے الگ سے درخواست دینا ہوگی۔ لیڈی ہیلتھ ورکر کے لیے متعلقہ گاؤں یا کیچمنٹ ایریا کی مستقل رہائشی خواتین ہی درخواست دینے کی اہل ہوں گی۔ امیدوار اپنے تعلیمی و فنی سرٹیفکیٹس، قومی شناختی کارڈ، باشندہ ریاست اور ڈومیسائل کی تصدیق شدہ نقول کے ہمراہ اشتہار کی اشاعت کے 10 دن کے اندر دفتری اوقات میں درخواستیں جمع کروا سکتے ہیں۔
محکمہ صحت کے مطابق نامکمل اور مقررہ تاریخ کے بعد موصول ہونے والی درخواستیں کسی صورت قابلِ قبول نہیں ہوں گی اور درخواست پر موبائل نمبر درج کرنا لازمی ہے۔ تمام آسامیوں کے لیے سلیکشن کمیٹی کا فیصلہ حتمی تصور کیا جائے گا اور ٹیسٹ یا انٹرویو کے لیے آنے والے کسی بھی امیدوار کو کوئی TA/DA نہیں دیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: پیپلزپارٹی بینظیر پروگرام کے نام پر سیاست کررہی اور نوکریاں بیچی جا رہی ہیں ، شاہ غلام قادر
آسامیوں کے لیے ٹیسٹ اور انٹرویو کا شیڈول بھی جاری کر دیا گیا ہے، جس کے مطابق سیریل نمبر 01 اور 02 (لیڈی ہیلتھ ورکر اور ڈرائیور) کے ٹیسٹ و انٹرویو 19 مئی 2026 جبکہ سیریل نمبر 03 سے 07 تک کی باقی تمام آسامیوں کے ٹیسٹ و انٹرویو 20 مئی 2026ء کو ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس بھمبر میں منعقد کیے جائیں گے۔





