وزیراعظم آزادکشمیر کا محمود گلی پہنچنے پر تاریخی استقبال، میگا منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھ دیا!

وزیراعظم آزادکشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے ضلع حویلی کا اہم دورہ کیا ہے جہاں انہوں نے محمود گلی تا کہوٹہ ڈبل کیرج وے روڈ سمیت دیگر میگا ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے۔ محمود گلی پہنچنے پر وزیراعظم آزادکشمیر کا شاندار استقبال کیا گیا، اس موقع پر شدید نعرے بازی کی گئی اور ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔

ضلع حویلی میں مواصلات کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے وزیراعظم آزادکشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے محمود گلی تا کہوٹہ ڈبل کیرج وے روڈ منصوبے کا باقاعدہ سنگ بنیاد رکھ دیا ہے۔ سرکاری مروجہ تفصیلات کے مطابق محمود گلی تا کہوٹہ روڈ منصوبے کے فیز ون پر 615 ملین روپے سے زائد کی خطیر لاگت آئے گی جس سے اس اہم شاہراہ کو چوڑا اور سفری ضروریات کے مطابق پائیدار بنایا جائے گا۔ اس اہم دورے کے دوران وزیراعظم آزادکشمیر نے ایک اور بڑے پراجیکٹ کا افتتاح کرتے ہوئے لسڈنہ تا شیروڈھارہ 10 کلومیٹر طویل سڑک منصوبے کا بھی باقاعدہ سنگ بنیاد رکھا۔

یہ بھی پڑھیں: تعلیمی پیکیج حکومتی نا اہلی،محسن عزیز نے وزیراعظم فیصل راٹھور کو آڑے ہاتھوں لے لیا

عوامی حکومت کا وژن اور منصوبے کے فوائد:

ان میگا پراجیکٹس کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے واضح کیا کہ پیپلزپارٹی کی عوامی حکومت عوام کو ان کی دہلیز پر بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لیے پوری طرح سرگرم عمل ہے۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ محمود گلی تا کہوٹہ ڈبل کیرج وے کی تعمیر مکمل ہونے سے علاقے میں مجموعی ترقی، سیاحت، تجارت اور مقامی لوگوں کے لیے سفری سہولیات کو زبردست فروغ ملے گا۔ ضلع حویلی میں ان میگا ترقیاتی منصوبوں کے باقاعدہ آغاز اور سنگ بنیاد رکھے جانے پر عام شہریوں اور پارٹی کارکنوں نے گہری خوشی کا اظہار کیا ہے۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور عہدِنو کا کرشماتی معمار،حویلی کی شان