امریکی کانگریس کے اہم رکن اور کانگریس پاکستان کاکس کے شریک چیئرمین جیک برگمین نے وزیراعظم پاکستان اور فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کو ایک باقاعدہ مکتوب ارسال کیا ہے ۔ اس خط میں انہوں نے امریکہ اور ایران کے مابین جاری امن مذاکرات میں پاکستان کی قیادت کے تعمیری اور کلیدی کردار پر دونوں رہنماؤں کا شکریہ ادا کیا ہے ۔
واشنگٹن ڈی سی سے 15 مئی 2026 کو جاری کیے گئے اس باضابطہ خط میں رکن کانگریس جیک برگمین نے امریکی انتظامیہ کی خارجہ پالیسی کا تذکرہ کرتے ہوئے واضح کیا کہ صدر ٹرمپ نے ماضی کی حکومتوں کے برعکس ایران کے نیٹ ورکس اور جوہری عزائم کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے ۔ انہوں نے خط میں تحریر کیا کہ اس پورے عمل اور امریکی کوششوں میں پاکستان کی شراکت داری انتہائی ناگزیر اور اہمیت کی حامل رہی ہے ۔ خط کے مطابق پاکستان نے اپنے منفرد اور اسٹریٹجک مقام کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فریقین کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے جس آمادگی کا اظہار کیا، وہ حقیقی مدبرانہ صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔
یہ بھی پڑھیں: امریکی سینیٹ میں ایران جنگ پر صدر ٹرمپ کے اختیارات محدود کرنے کی کوشش؛ ایوان میں شدید تقسیم

امریکی کانگریس مین نے اپنے خط میں دونوں ملکوں کے مابین قائم دیرینہ اسٹریٹجک تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا ۔ انہوں نے مطلع کیا کہ وائٹ ہاؤس، امریکی صدر اور خود کانگریس نے عوامی سطح پر پاکستان کی ان غیر معمولی سفارتی کوششوں کا اعتراف کیا ہے ۔ جیک برگمین نے کانگریس پاکستان کاکس کی جانب سے پاکستانی قیادت کے لیے گہرے تشکر اور پائیدار ممنونیت کے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ وہ جلد ہی پاکستان واپس آئیں گے تاکہ دونوں ممالک کے مابین موجود دوطرفہ تعلقات کے بندھن کو ذاتی طور پر مزید مضبوط بنایا جا سکے ۔




