ٹویوٹا یارِس

ٹیوٹا کمپنی کا یارس کی قیمتوں میں بڑی کمی کا اعلان

ٹویوٹا انڈس موٹر کمپنی نے اپنی 35ویں سالگرہ کے موقع پر پاکستان میں ٹویوٹا یارس 1.5 ATIV X CVT کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلان کیا ہے۔ یہ خصوصی رعایت محدود مدت کے لیے ہے اور ملک بھر میں مجاز ڈیلرشپس پر اسٹاک کی دستیابی کے مطابق فراہم کی جائے گی۔

کمپنی کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق، بلیک انٹیریئر والے یارس ویریئنٹ کی قیمت میں 4 لاکھ روپے کی کمی کی گئی ہے۔ اس کمی کے بعد اس ویریئنٹ کی ایکس فیکٹری قیمت 64 لاکھ 49 ہزار روپے سے کم ہو کر 60 لاکھ 49 ہزار روپے ہو گئی ہے۔
بیج انٹیریئر والے ویریئنٹ پر 3 لاکھ 90 ہزار روپے کی چھوٹ دی گئی ہے، جس کے نتیجے میں اس کی قیمت 63 لاکھ 89 ہزار روپے سے کم ہو کر 59 لاکھ 99 ہزار روپے ہو گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں ٹویوٹا گاڑیوں کی تازہ ترین قیمتیں کیا ہیں؟ جانیے

ترمیم شدہ قیمتوں کی تفصیل:

صنعتی ماہرین کے مطابق یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حال ہی میں ہنڈائی نشاط موٹرز نے ہنڈائی ایلانٹرا 1.6L اسپیشل ایڈیشن 64 لاکھ 49 ہزار روپے کی ایکس فیکٹری قیمت پر پیش کیا ہے۔ ترمیم شدہ قیمتوں کے ساتھ ٹویوٹا نے یارس ATIV X CVT کو سیڈان طبقے میں زیادہ مسابقتی پوزیشن میں لا کھڑا کیا ہے۔

پاکستان کی کمپیکٹ سیڈان مارکیٹ میں حالیہ مہینوں کے دوران مقابلے میں واضح اضافہ دیکھا گیا ہے۔ کمپنیاں بدلتی صارف ترجیحات اور معاشی دباؤ کے پیش نظر گاہکوں کو اپنی جانب متوجہ کرنے کی کوشش میں ہیں۔

مزید پڑھیں: نئی آٹو پالیسی؛ گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی متوقع

آٹو ماہرین کا کہنا ہے کہ اس قیمت میں کمی سے یارس لائن اپ کی مانگ میں اضافے کی توقع ہے، خاص طور پر شہری خریداروں میں جو قابل اعتماد گاڑی، بہتر ریسیل ویلیو اور کم آپریٹنگ اخراجات کے خواہاں ہیں۔ آٹومیٹک ٹرانسمیشن اور جدید فیچرز کے ساتھ یہ ویریئنٹ نسبتاً کم قیمت پر دستیاب ہونے سے خریداروں کے لیے ایک پرکشش آپشن بن گیا ہے۔