اسلام آباد بڑی تباہی سے بچ گیا، بلوچستان سے خاتون خودکش بمبار گرفتار

انٹیلیجنس ایجنسیوں نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کو بڑی تباہی سے بچا لیا ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان سے ایک خاتون خودکش بمبار کو گرفتار کیا ہے جسے ایک اہم ہدف کو نشانہ بنانے کے لیے تیار کیا گیا تھا۔ اس بروقت کارروائی کے ذریعے دہشت گردی کا ایک بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دہشت گرد تنظیموں کے طریقہ کار کے حوالے سے لرزہ خیز انکشافات کیے۔ انہوں نے بتایا کہ دہشت گرد گروہ اپنے بین الاقوامی آقاؤں کو خوش کرنے کے لیے معصوم خواتین اور بچیوں کو ورغلاتے ہیں اور ان کا استحصال کرتے ہیں۔ سرفراز بگٹی کے مطابق گرفتار ہونے والی خاتون کو سنگین دھمکیوں کے ذریعے مجبور کیا گیا تھا اور اسے کہا گیا تھا کہ اگر اس نے خودکش حملہ نہ کیا تو اس کے والد کو قتل کر دیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: نادرا آفس میں لرزہ خیز واقعہ، شوہر نے ڈیوٹی کے دوران بیوی کو قتل کر کے خودکشی کر لی

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ دہشت گرد عناصر اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کے لیے خاندانی جذباتی وابستگیوں کا غلط استعمال کر رہے ہیں اور بچیوں کو ڈھال کے طور پر استعمال کرنا ان کی بزدلی کا ثبوت ہے۔ سیکیورٹی اداروں کی جانب سے اس نیٹ ورک کے مزید کارندوں کی تلاش میں تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے تاکہ اس سازش کے پیچھے موجود دیگر کرداروں کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔

Scroll to Top